سہولت بازاروں میں ریلیف برائے نام، مارکیٹ ریٹ پر اشیا کی فروخت جاری

October 22, 2020

ملتان (سٹاف رپورٹر) حکومت کی جانب سے سہولت بازاروں میںریلیف برائے نام، مارکیٹ ریٹ کے مطابق اشیائے خوررونوش فراہم کرکے پنجاب حکومت کو سب اچھا کی رپورٹ دے دی ہے، سہولت بازار میں خریداری کرنے والے شہری شیخ عثمان ،شیخ ذیشان نےجنگ سروے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے ، سہولت بازاروں میں آٹا اور چینی کی قیمت مارکیٹ سے 5روپے کم ہے جبکہ بقایا اشیا کی قیمتیں مارکیٹ ریٹ کے مطابق فروخت کی جارہی ہے، حکومت مہنگائی کو مستقل ختم کرنے کے بجائے ڈنگ ٹپاو کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ محمد شبیر، وقاص نے کہا ہے کہ حکومت نے سہولت بازاروں کے انعقاد پر روزانہ لاکھوں روپے خرچ کرکے عوام کے خون پسینہ کی کمائی کو ضائع کیا جارہا ہے ، یہی پیسہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کیلئے خرچ کیا جائے، آٹا اور چینی چور حکومتی رہنما ہیں حکومت ان کے خلاف کاروائی کرے۔ ندیم احمد، محمد جاوید نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی کی ذمہ دار خود ہے ، پٹرول اور ڈالر کی قیمتوں میں اضافہ کرکے مہنگائی کو کیسے کنٹرول کیا جا سکتا ہے، سہولت بازاروں میں اشیا خورونوش کی قیمتوں میں کمی برائے نام ہے ، حکومت نے عوام کو بیوقوف بنانے کیلئے سہولت بازار لگائے ہیں جو کہ عوام کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔