ذخیرہ اندوزی، حیسکول کا KP میں پٹرولیم لائسنس معطل، 1 کروڑ جرمانہ

October 22, 2020

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) ذخیرہ اندوزی میں ملوث آئل مارکٹینگ کمپنی کا لائسنس اوگرا نے معطل کرکے ایک کروڑ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا، ترجمان اوگرا کے مطابق حیسکول پٹرولیم لمیٹڈ کا خیبر پختونخوا میں مارکیٹنگ لائسنس فوری طور پر معطل کردیا گیا ۔حیسکول پیٹرولیم لمیٹڈ (ایچ پی ایل) امان گڑھ ڈپو پر غیر قانونی / غیر مجاز سٹوریج اور پیٹرولیم مصنوعات (پیٹرول اور ڈیزل) کی فروخت کرتے ہوئے پایا گیا۔ ایچ پی ایل کی فراہم کردہ دستاویزات اور اوگرا کی تحقیق کی بنیاد پر یہ ثابت ہوا ہے کہ ایچ پی ایل قانون / قواعد کی شدید خلاف ورزیوں میں ملوث رہا ہے اور اس ڈپو کے آپریشن کو جاری رکھنے کے لیے کوئی معقول جواز فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔جبکہ اوگرا نے جنوری 2020 میں حیسکول کو واضح ہدایات دی تھیں کہ تمام قانونی تقاضوں اور اوگرا کی اجازت کے بغیر امان گڑھ ڈپو کا آپریشن شروع نہیں کیا جائے گا۔حیسکول کو 13 اکتوبر 2020 کو امان گڑھ ڈپو کے غیر قانونی آپریشن پر شو کاز نوٹس ارسال کیا گیا تھا اور کمپنی نے نمائندے کی پیشی کے ذریعہ حقائق کی وضاحت طلب کی گئی تھی۔