اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر نوشاد کو جبری رخصت پر بھیجنے کا فیصلہ

October 22, 2020

پشاور ( ارشد عزیز ملک ) خیبر پختونخوا حکومت نے اسلامیہ کالج یونیورسٹی انتظامیہ کو ادارےمیں بے ضابطگیوں ، بدامنی اور بد انتظامی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر نوشاد خان کو جبری رخصت پر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔موجودہ پرو وائس چانسلر اور دیگر افسران کے خلاف ای اینڈ ڈی ایکٹ 2016 کے تحت مزید کارروائی کی سفارش کی گئی ہےجبکہ کئی اہلکاروں کواختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں مذمتی اور ناپسندیدگی کے خطوط جاری کئے جائیں گے ۔گورنر خیبر پختونخواکی جانب سے جاری کردہ ایک خط جس کی کاپی جنگ کے پاس موجود ہے میں کہاگیا ہے کہ اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور کو ایسے مسائل کا سامنا ہے جن میں سے بیشتر خود یونیورسٹی کی انتظامیہ نے ہی پیدا کررکھے ہیں ۔سرکاری دستاویزات کے مطابق گورنر انسپکشن ٹیم کو ان شکایات کی تفتیش کا کام سونپا گیا تھا اور جی آئی ٹی نے اپنی رپورٹ گورنر شاہ فرمان کو پیش کی ہے جو یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں۔گورنرشاہ فرمان نے جی آئی ٹی کی سفارشات کی منظوری دیتے ہوئے محکمہ ہائر ایجوکیشن کو رپورٹ پر عمل درامد کی ہدایت کی ہے ۔جنگ کے پاس موجود جی آئی ٹی رپورٹ کے مطابق اسلامیہ کالج یونیورسٹی میں سنگین مالی بے ضابطگیاں اور ایڈوانس فنڈز کی عدم واپسی کا انکشاف ہواہے ۔انسپکشن ٹیم نے سفارش کی ہے کہ تمام متعلقہ افراد سے فوری طور پر رقم واپس لے کر متعلقہ اکائونٹس میں جمع کرائی جائےاور ای اینڈ ڈی قوانین کے تحت نادہندگان اور متعلقہ عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔