پہلاج مل کی عبوری ضمانت میں توسیع

October 22, 2020

سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ و دیگر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس میں ملزم پہلاج مل کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔

سندھ ہائی کورٹ میں شریک ملزم اور فرنٹ مین پہلاج مل کی درخواستِ ضمانت کی سماعت ہوئی۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ پہلاج مل انکوائری میں تعاون نہیں کر رہے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ کے سابق معاونِ خصوصی پہلاج مل کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میرے مؤکل کی کارڈیک سرجری ہوئی ہے، ڈاکٹر نے پہلاج مل کو 3 ہفتے تک آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

عدالتِ عالیہ نے پہلاج مل کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت 19 نومبر تک ملتوی کر دی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ، پہلاج مل اور دیگر ملزمان پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔