حکومت صوبوں کو آپس میں لڑا رہی ہے: عظمٰی بخاری

October 22, 2020

مسلم لیگ نون پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ حکومت ہر صوبے کو دوسرے صوبے سے لڑا رہی ہے، مسائل کا پہاڑ اکٹھا کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے بچوں کے ساتھ تعلیم کے میدان میں زیادتی ہورہی ہے، بلوچستان اور پنجاب کے بچوں کی اسکالر شپ کو کم کردیا گیا ہے۔

عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب بڑا بھائی ہے اسے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، یہ کسی کے باپ کا پیسہ نہیں ہے، ان بچوں کو حصہ ملنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ان بچوں کی پڑھائی متاثر ہوئی تو اس کی حکومت ذمہ دار ہوگی، ان بچوں کا پڑھنا ملکی سالمیت اور ترقی کیلئے ضروری ہے۔

عظمی بخاری نے کہا کہ ہر بندہ صرف اپنی نوکری پکی کررہا ہے، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، اللّٰہ ان جلادوں اور جانوروں سے جس قدر جلد جان چھڑا دے بہتر ہے۔