احد چیمہ کے وکیل اشتر اوصاف کورونا کا شکار، سماعت ملتوی

October 22, 2020

سابق ڈی جی لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) احدچیمہ کے وکیل اشتر اوصاف کورونا وائرس کا شکار ہو کر بیمار ہو گئے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کے جسٹس مشیرعالم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے اشتر اوصاف کی علالت کے باعث احد چیمہ کی درخواستِ ضمانت پر سماعت ملتوی کر دی۔

وکیل اعظم نذیر تارڑ نے عدالت کو بتایا کہ اشتر اوصاف کورونا وائرس کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے ہیں۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کے وکیل عمران الحق نے کہا کہ اگر یہی بات پہلے بتا دی جاتی تو بہتر ہوتا، مقدمے کی بڑی فائلیں پڑھ کر آتے ہیں۔

جسٹس مشیر عالم نے وکیل اعظم نذیر تارڑ سے کہا کہ وکیل بیمار ہے تو مقدمے کی سماعت سے پہلے آگاہ کریں۔

وکیل اعظم نذیر تارڑ نے عدالت کو بتایا کہ ہمیں تو اشتر اوصاف صاحب نے اپنی بیماری سے متعلق بتا دیا تھا۔

جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ اعظم نذیر صاحب آپ تو اشتر صاحب کے ساتھ ہوتے ہیں، آپ تو بار کے لیڈر بھی ہیں، کیس کے التواء کی آواز زور سے لگائیں تاکہ سب کو سنائی دے۔

عدالتِ عظمیٰ نے کیس کو 3 رکنی بینچ کے سامنے لگانے کا حکم دیتے ہوئے احد چیمہ کی درخواستِ ضمانت پر سماعت 10 روز کیلئے ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ احد چیمہ آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں قید ہیں۔