کراچی ایئرپورٹ سے اٹھائے گئے 3 سوٹ کیس کینیڈین شہری کے حوالے

October 22, 2020

کراچی کی ایئرپورٹ پولیس نے پاکستانی نژاد کینیڈین شہری کے ایئرپورٹ پارکنگ سے اٹھائے گئے لاکھوں روپے مالیت کے سامان سے بھرے تین سوٹ کیس سراغ رسانی سے تلاش کرکے مالک کے حوالے کردیے ہیں۔

پاکستانی نژاد کینیڈین شاہد اقبال کے مطابق وہ چند روز قبل اپنے بیٹے کے ہمراہ غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز سے کراچی پہنچے تھے، شاہد اقبال کے مطابق وہ کافی عرصے بعد وطن واپس لوٹے تھے اور عرصہ دراز کے بعد خاندانی رشتے داروں سے مل رہے تھے۔

ایئرپورٹ سے باہر آتے ہیں ان کے بیٹے نے جذبات میں آکر ٹرالی ایک طرف چھوڑدی اور اپنے رشتے داروں سے ملنا شروع کر دیا، اس دوران دیگر رشتہ داروں نے ان کا سامان گاڑیوں میں منتقل کردیا۔

شاہد اقبال کے مطابق انہیں پتہ نہیں چلا کہ بھاگ دوڑ کے دوران ان کی ٹرالی پرلدے تین سوٹ کیس کسی دوسرے مسافر نے اپنی گاڑی میں منتقل کر لیے تھے۔

شاہد اقبال کا کہنا ہے کہ گھر پہنچ کر اُنہیں پتہ چلا کہ ان کے قیمتی سامان سے بھرے تین سوٹ کیس غائب تھے جس پر وہ فوری طور پر واپس کراچی ایئرپورٹ پہنچے۔

ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس اور سول ایوی ایشن سے رابطہ کیا گیا جنہوں نے بہترین اخلاق کا مظاہرہ تو کیا مگر سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج میں سامان غائب ہوتا دیکھ کر انہوں نے سامان کی برآمدگی کرنے سے معذرت کرلی۔

شاہد اقبال کے مطابق انہیں ائرپورٹ تھانے کے ایس ایچ او کلیم موسیٰ کے حوالے سے کسی نے بتایا کہ وہ کئی مرتبہ اس طرح غائب کیا گیا گمشدہ سامان مسافروں کو واپس لوٹا چکے ہیں جس پر انہوں نے ایس ایچ او ایئرپورٹ کلیم موسیٰ سے رابطہ کیا۔

کلیم موسیٰ کے مطابق انہوں نے یہ مشن سب انسپکٹر سرفراز کو سونپا جنہوں نے کئی روز کی جدودجہد کے بعد جناح ٹرمینل کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے اس گاڑی کا سراغ لگا لیا جس میں شاہد اقبال کے تینوں سوٹ کیس منتقل کیے گئے تھے۔

پولیس کے مطابق گاڑی کے رجسٹریشن نمبر کی مدد سے اس کے مالک کو تلاش کیا گیا، مالک کا فون نمبر بھی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے حاصل کیا گیا اور یوں ایئرپورٹ سے سامان لے جانے والے افراد کو ایئرپورٹ تھانے طلب کیا گیا تو مذکورہ افراد تھانے آتے ہوئے اپنے ساتھ تینوں سوٹ کیس بھی لے آئے۔

پولیس کے مطابق سامان لےجانے میں ان افراد کا قصور نہیں پایا گیا کیونکہ اصل مسافروں کا سامان انہیں لینے کے لیے ایئر پورٹ پہنچنے والے ان کے رشتے داروں نے گاڑی میں منتقل کیا تھا۔

پولیس کے مطابق غائب ہونے والا سامان جوں کا توں سامان واپس آنے پر شاہد اقبال نے بھی ان افراد کے خلاف کسی قانونی کارروائی کا مطالبہ نہیں کیا۔

پاکستانی نژاد کینیڈین شہری شاہد اقبال کے مطابق بیرون ممالک میں بھی پولیس لوگوں کی مدد کرتی ہے مگر پاکستان میں کراچی کی پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت سے وہ بہت متاثر ہوئے ہیں اور سندھ پولیس کے شکر گزار ہیں۔