ڈیرہ اسماعیل خان : مزدوری کا جھانسہ دے کر خاتون سے 5 افراد کی زیادتی

October 22, 2020


ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑ پور میں مزدوری کا جھانسہ دے کر مبینہ زیادتی کا واقعہ، پولیس نے تفتیش کے بعد 5 ملزمان کے خلاف زیادتی کا مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان تھانہ پہاڑپور پولیس کے مطابق 30 اگست کو میانوالی کے گاؤں پیپلاں کی رہائشی خاتون نے اپنے ساتھ مبینہ زیادتی کی رپورٹ درج کرتے ہوئے کہا کہ اسے اور اسکے شوہر کو زیادہ مزدوری کا جھانسہ دیکر ٹانک لایا گیا جہاں 5 افراد نے10 دن تک مسلسل زیادتی کا نشانہ بنایا۔

پولیس نے بعد تفتیش 5ملزمان کے خلاف اغواء اور زیادتی کے دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ، ایف آئی آر کے مطابق ضلع ٹانک سے منتقلی کے دوران وہ ملزمان سے جان چھڑانے میں کامیاب ہوکر تھانہ پہنچ گئی۔

ایس ایچ او پہاڑپور گل شیر کے مطابق مزید شواہد اور ٹیسٹ کئے جارہے ہیں، جبکہ ملزمان کے خلاف اغواء اور جنسی زیادتی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور 5 مفرور ملزمان کی گرفتاری کی کوشش جاری ہے۔