چھ چھ بار سزائے موت کے 2 ملزمان سپریم کورٹ سے بری

October 22, 2020


سپریم کورٹ اسلام آباد نے عدم شواہد کی بناء پر چھ چھ بار سزائے موت کے 2 ملزمان کو بری کردیا۔

اسلام آباد سپریم کورٹ میں ملزمان کی درخواست کی سماعت جسٹس منظور ملک کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔

ملزمان شاہ مور اور نور خان پر سوئی ڈیرہ بگٹی میں 2 لوگوں کے قتل کا الزام تھا، ٹرائل کورٹ نے دونوں ملزمان کو چھ بار سزائے موت سنائی تھی جبکہ بلوچستان ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کی سزا برقرار رکھی تھی۔

ملزمان کے وکیل لطیف کھوسہ نے بتایا کہ دونوں ملزمان پر 2014ء میں قتل کا الزام تھا، بعد میں چشم دید گواہ اپنے بیان سے مکر گئے، جبکہ مقتولین کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ وقوعہ کے 2 دن بعد بنایا گیا اور مقدمہ 4 دن بعد درج ہوا۔

وکیل کا کہنا تھا کہ وقوعہ 9 اگست 2014 ء کو پیش آیا، مقدمہ 12 اگست کو درج کیا گیا، واقعے کا کوئی بھی چشم دید گواہ بھی نہیں۔

اس موقع پر سپریم کورٹ نے دلائل سننے کے بعد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔