اظہر علی کی کپتانی کا ازسرِنو جائزہ لینے کا فیصلہ

October 22, 2020


پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان اظہر علی کی بحثیت کپتان اور بیٹسمین کارکردگی کا ازسر نو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کی اظہر علی سے تفصیلی ملاقات ہو چکی ہے، جبکہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی اظہر علی سے ملاقات ہونا باقی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ملاقاتوں کے بعد کارکردگی کی بنیاد پر اظہر علی کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا۔

دورہ نیوزی لینڈ کے لیے ٹیسٹ ٹیم کا اعلان نومبر کے دوسرے ہفتے میں متوقع ہے، جہاں اسکواڈ کے ساتھ ہی کپتان کا بھی اعلان کیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ بابر اعظم کو صرف وائٹ بال کرکٹ کا کپتان برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔

پی سی بی نے اظہر علی کو سیزن 21-2020 تک ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کے لیے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں۔