ایران پر امریکی الیکشن میں مداخلت کا الزام، تہران میں سوئس سفیر طلب

October 22, 2020

ایران میں سوئس سفارتخانہ

امریکی الیکشن میں مداخلت کے الزام پر ایران نے سوئٹزرلینڈ کے سفیر کو طلب کرلیا۔ تہران میں سوئس سفارت خانہ امریکا کے سفارتی معاملات دیکھتا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی حکام نے انتخابات سے متعلق بے بنیاد دعوٰی کیا اور امریکا الزام تراشی کے ذریعے اپنے غیر جمہوری اور وضاحتی منظر نامے کو آگے بڑھانا چاہتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کے صدارتی امیدواروں میں سے جو کوئی بھی کامیاب ہو جائے اس سے ایران پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ایران امریکی صدارتی انتخابات کو اس ملک کا اندرونی معاملہ سمجھتا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا نے ایران پر امریکی الیکشن میں مداخلت کی کوششوں کا الزام لگایا تھا۔