بایو سیکیور ماحول میں کرکٹ سیزن کرانا مشترکہ کاوش، وسیم خان

October 27, 2020

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے فرسٹ کلاس اور ٹی 20 کامیابی کے ساتھ کرانے کے بعد جمعے سے بایو سیکیور ماحول میں زمبابوے کی سیریز شروع کررہے ہیں۔پیر کو برمنگھم سے نمائندہ جنگ کو فون پرانٹر ویو میں وسیم خان نے کہا کہ زمبابوے کے بعد پاکستان جنوبی افریقا اور انگلینڈ کی پاکستان میں میزبانی کرےگا۔ انگلش حکام سے میٹنگ میں اس معاملے پر بھی بات ہوگی کہ وہکس ٹیم کو بھیجنا چاہتے ہیں ابھی تک ہم نے اس بارے میں اخبارات ہی میں پڑھا ہے۔ کورونا کے ماحول میں فرسٹ کلاس سیزن کامیابی سے شروع کرانے کا کریڈٹ کسی ایک کو نہیں دیا جاسکتا یہ پی سی بی انتظامیہ کی ٹیم کی کاوش ہے ۔ کراچی کے چھ گرائونڈز پر دو ٹورنامنٹ کے میچ ہورہے ہیں ۔بایو سیکیور ماحول میں قائد اعظم ٹرافی فرسٹ اور سیکنڈ الیون کرانا آسان کام نہیں تھا، انگلینڈ میں لوگپوچھتے ہیں کہ آپ نے کس طرح یہ ٹورنامنٹ کرائے۔ وسیم خان نے کہا کہ اس وقت کراچی کے تین فائیو اسٹارز ہوٹلوں میں بارہ ٹیموں کے تقریباً تین سو کھلاڑی، آفیشلز ، امپائرز اور میچ ریفری قیام پذیر ہیں۔پی سی بی کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کررہا ہے۔