پی پی ایل کا سالانہ اجلاس عام، 10فیصد منافع منقسمہ کی منظوری

October 27, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیٹر ولیم لمیٹڈ(پی پی ایل) کاسالانہ اجلاسِ عام کراچی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبران کو بتایا گیا کہ کمپنی نے اپنی تاریخ میں 50 بلین روپے کا تیسرا بلند ترین بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا۔ممبران نے 30 جون 2020 کو ختم شدہ مالی سال کے کھاتے کی تفصیل اور آڈیٹرز کی رپورٹ کی منظور ی دی۔ساتھ ہی عمومی شیئرز اورتبدیل پزیر ترجیحی شیئرز پر10 فیصد نقد حتمی منافعِ منقسمہ کی منظوری بھی دی گئی۔ بورڈ آف ڈائیریکٹر ز کے چیئرمین شمس الاسلام نے اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ بورڈ نے کمپنی کو اپنے وژن اور مشن سے ہم آہنگ رکھنے اور حکمتِ عملی کے اہداف طے کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ قدر میں اضافہ کیا جاسکے۔ انہوں نے COVID-19 کی وباء کے دوران کاروباری تسلسل کو یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ و عملے کے عہد کی تعریف کے ساتھ ساتھ حکومتِ پاکستان او ر شئیر ہولڈرز کے تعاون پر اُن کا شکریہ اداکیا۔ایم ڈی و سی ای او معین رضا خان نے 2019-20 کے دوران پی پی ایل کی ترقی و کامیابیوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے اس بات کو اُ جاگر کیا کہ یہ ایک دشوارگزار سال تھا جس میں پی پی ایل نے عالمی وباء کے باوجودقوم کو توانائی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔ان حالات کے باوجود کمپنی نے اپنی تاریخ میں 50 بلین روپے کا تیسرا بلند ترین بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا۔معین رضا خان نے بتایا کہ پی پی ایل نے سال کے دوران دو دریافتیں کیں ، جن میں سے ایک دشوارگزار سطح مرتفع قلات میں آپریٹڈ مورگندھX-1 سے مغربی ترین بہتر سائز کی دریافت ہوئی ہے جو بلوچستان کے اندرونی حصے میں پہاڑیوں کے پانچویں سلسلے میں واقع ہے جس کے تجزئیے سے ذخائر کی تصدیق ہوگی۔ دوسری دریافت پارٹنر آپریٹڈ لطیف بلا ک میں بیٹرو 1 کی ہے۔کندھ کوٹ سے گیس کی کم خریداری اورپرانی فیلڈ زسے پیداوار میں قدرتی کمی کے باوجوکمپنی کی یومیہ پیداوار 0.9 بی ایس سی ایف ای کے لگ بھگ رہی۔تاہم، پیداوار میں اضافے کی سرگرمیاں جاری رہیں۔