ایف پی سی سی آئی، برسراقتدار گروپ میں ٹوٹ پھوٹ،کئی اہم رہنما الگ

October 27, 2020

کراچی ( سہیل افضل ) ایف پی سی سی آئی میں بر سر اقتدار گروپ میں ٹوٹ پھوٹ ،کئی اہم رہنماؤں نے گروپ سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ، پیر کو موجودہ نائب صدر خرم اعجاز نے بھی صدر ایف پی سی سی آئی کو اپنا استعفے بھیج دیا ہے ، جو کہ گروپ کے لئے ایک بڑا دھچکا ہے ،ذرائع کے مطابق ایک سال قبل اقتدار میں آنے والے بزنس میں پینل میں باہمی اختلافات شدت اختیار کرتے جا رہے ہیں ،اور7 روز قبل گروپ کے وائس چیئرمین ثاقب فیاض مگوں نے صدر ایف پی سی سی آئی اور گروپ چیئرمین انجم نثار کی پالیسوں سے اختلافات پر استعفے دیا تو اس کے بعد لائن لگ گئی ہے ،اس کے 2روز بعد گروپ کے سینئر وائس چیئرمین میاں زاہد حسین نے بھی گروپ سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ،ان کا ساتھ دیتے ہوئے بلوچستان سے گروپ کے چیئرمین علاوالدین مری نے بھی گروپ کا چھوڑنے کا اعلان کر دیا اور اب پیر کو موجودہ نائب صدر خرم اعجاز نے بھی استعفے دے دیا ہے خرم اعجاز نے گذشتہ سال کے الیکشن میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کئے تھے ،کورونا وبا کے دنوں میں وہ ایف پی سی سی آئی کی ہیلپ ڈیسک کے انچارج بھی تھے ،خرم اعجاز نے جنگ کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ انھوں نے اپنے خلاف انتقامی کاروائیوں کی وجہ سے استعفے دیا ہے ،ثاقب فیاض مگوں کے استعفے کے بعد ان کے خلاف انتقامی کاروائیاں شروع کی گئیں اور افسوس ناک بات یہ ہے کہ یہ سب کچھ انجم نثار کی ہدایت پر کیا گیا ،خرم اعجاز کا کہنا ہے کہ انھوں نے گروپ میں سب سے زیادی کام کیا ہے مخالفین بھی مانتے ہیں ہم نے تو کرونا کی بھی پرواہ نہیں کی ، مشکل حالات میںکاروباری برادری کے مسائل حل کئے اس سول پر کہ کیا اب کوئی نیا گروپ بنے گا یا آپ یو بی جی کو جائن کریں گے انھوں نے کہا کہ ابھی اس بارے فیصلہ نہیں کیا تاہم مجھے ایک سال کے عرصے میںگروپ کے شیرازہ بکھرنے کا افسوس ہے۔