یورپی یونین غذائیت سے بھرپور خوراک مصنوعات پیدا کرنے کی آگہی دیگی

October 28, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) یورپی یونین سندھ میں جاری اپنے پروگرام برائے بہتر غذائیت(ای یو پنس ونEU-PINS1) کے ذریعے سندھ میں زراعت کے شعبہ سے جڑے مویشی بانوں، ماہی گیروں اور کسانوں کو موسمیاتی تبدیلیوں سے موافق پیداواری طریقوں کے ذریعے غذائیت سے بھرپور خوراک کی مصنوعات پیدا کرنے کی آگہی دے گی تاکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نبردآزما ہوتے ہوئے کسانوں کو غذائی پیداوار میں نمو حاصل کرنے کے طریقے سکھا سکے۔ ای یو پنس کے سینئر ایڈوائزر جان کے او ڈیا نے لندن سے ویڈیولنک پر محکمہ ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی، حکومت سندھ کے کانفرنس روم میں محکمے کے سیکریٹری محمد اسلم غوری کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بتایا کہ یورپی یونین کے مذکورہ منصوبے کا مقصد تمام تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹتے ہوئے زرعی پیداوار اس طرح حاصل کرانا ہے کہ جس کی غذائیت میں بھی بہتری آئے اور پیداوار کے حجم میں بھی اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے ای یو پنس زراعت سے جڑے ذیلی شعبہ جات بشمول ماہی گیری، مویشی بانی اور زراعت میں ایسے طریقے اختیار کرنے پر زور دیتی ہے جس سے ماحول کو کم سے کم نقصان ہو۔