جمہوری اقدار کا استحکام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے‘ جمعیت

October 28, 2020

کوئٹہ(آن لائن)جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حاجی عبدالستار چشتی نے کہا ہے کہ جمعیت نظریاتی کسی سے ڈکٹیشن لیتی ہے اور نہ ہی کسی کی ڈکٹیشن پرعمل کرتی ہے ملک میں انارکی کی سیاست سے جمہوریت کی پیٹھ میں چھرا گھونپا جارہا ہے ۔ حکومت اورا پوزیشن ملکی مسائل کو حل اور بحرانوں سے نکلنے کے لئے سڑکوں پر دھرنوں کی بجائے پارلیمنٹ میں حل نکالا جائے۔اپوزیشن کا طرزعمل پارلیمانی تقاضوں کے مطابق نہیں‘ اس سے ملک کا نقصان ہو رہا ہے اپوزیشن اور حکومت ایسا رویہ اپنائیں جوقوم وملک اور جمہوریت کے مفاد میں ہو‘ جمہوری اداروں اور جمہوری اقدار کا استحکام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے اگر جمہوری اداروں کو نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار یہی سیاستدان ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف اور احتساب جمہوریت کی روح ہے احتساب اور انصاف سے کسی نظام کو کوئی خطرہ نہیں بلکہ اس سے نظام کو تحفظ اور استحکام حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ افغان امن مذاکرات کی کامیابی سے نہ صرف اسلامی امارت افغانستان بلکہ پورا خطہ امن کا گہوارہ بن جائے گا۔20 سال سے عالمی طاقتوں نے اپنے مفادات کے لئے افغانستان کوراکھ کا ڈھیر بنا دیا جس سے افغانستان کے ساتھ ہمسایہ ممالک بھی ہر لحاظ سے تباہی سے دوچار ہوئے ۔افغانستان کی کٹھ پتلی حکومت آج بھی قیام امن اور مفاہمتی عمل کی کامیابی میں سنجیدگی کامظاہرہ نہیں کررہی ۔