حُسن نکھاریں، روپ سنواریں

October 29, 2020

ردا فاطمہ

آج کل بڑی عمر کی خواتین مختلف کریمیں ،بیوٹی ٹپس اور میک اپ کے جدید ٹرینڈز اپنا کر کم عمر نظر آنے کے ہزار جتن کرتی ہیں ۔لیکن شاید وہ یہ نہیں جانتیں کہ چہرہ عمر کا آئینہ ہوتا ہے لیکن اگر آپ اپنی عمر کے مطابق میک اپ کریں تو آئینہ جھوٹ بھی بول سکتا ہے ۔

یہ تو آپ جانتی ہی ہوں گی کہ بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ جلد میں بہت سی تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں اور اگر میک اپ جلد کی مناسبت کے مطابق نہ کیا جائے تو کچھ خواتین اپنی عمر سے کافی بڑی بڑی لگتی ہیں ۔اس کے لیے ضروری ہے کہ اپنی عمر کے مطابق میک اپ کریں ،اس کے لیے صحیح معلومات کاہونا ضروری ہے ،تا کہ آپ حسین اور خوبصورت نظر آئیں ۔ذیل میں ہم 20 سے 50 سال عمر تک کی خواتین کو میک اپ کر نے کے چند گُر سے آگاہ کر رہے ہیں ،انہیں آزمائیں ،عمر چھپائیں اور حسین نظر آئیں۔

20 تا 30 سال

عموماً خواتین کو یہ کہتے سنا ہے کہ20 سال کی عمر میں آپ جیسے چاہیں میک اپ کرسکتی ہیں ،کیوں کہ نوجوانی کے اس دور میں جلد جوان اور حسین ہوتی ہے ۔ آپ میک اپ کے نئے انداز اپنا سکتی ہیں ۔مثا ل کے طور پر اگر آپ کی رنگت گوری ہے تو ڈارک شیڈز استعمال کر سکتی ہیں اور اگر آپ میک اپ نہیں کرنا چاہتی تو صرف ڈارک رنگ کی لپ اسٹک لگا کر بھی پُر کشش لگ سکتی ہیں۔

لیکن ماہر آرائش و حُسن کے مطابق اگر آپ کی عمر تیس کے قریب ہے تو آپ میک اپ میں ہلکے شیڈز استعمال کریں ،اس سے آپ کا چہرہ دل کش و حسین لگے گا ۔ایسا نہیں ہے کہ عمر کے اس حصے میں آپ جدید میک اپ ٹرینڈ کا تجر بہ نہیں کر سکتیں لیکن یہ یاد رکھیں کہ بیس یا فاؤنڈیشن جلد کی رنگت کی مناسبت سے استعمال کریں ۔لپ اسٹک ،بلش آن یا آئی شیڈ کے لیے پنک یا پیچ کلرز خوش گوار تاثر دیتے ہیں ۔

30 تا 40 سال

اس عمر میں نت نئے تجر بات کرنے سے گریز کریں ۔یعنی اگر آپ بہت زیادہ میک اپ نہیں کرتی ہیں تو کوئی نئے میک اپ ٹرینڈکا تجر بہ بھی نہ کریں اور اگر آپ میک اپ کرنے کی عادی ہیں تو اپنا یہی انداز بر قرار رکھیں ۔ماہرآرائش و حُسن کے مطابق اس عمرمیں،شخصیت میں پختگی چہرے کے تاثرات میں بھی جھلکتی ہے ۔

اگر آپ سنجیدہ مزاج کی حامل ہیں تو میک اپ کرتے وقت زیادہ شوخ رنگ استعمال نہ کریں ۔ایسا کرنے سے آپ کی شخصیت کا اندرونی اور بیرونی تاثر یکساں رہے گا ،البتہ کسی تقریب میں جانے کے لیے ہلکا پلکا میک اپ کرنے میںکوئی حرج نہیں ہے ،کیوں کہ چہرے پر کبھی کبھار آنے والی تبدیلی اچھا تاثر دیتی ہے ۔ایسے موقعوں پر آپ چاہیں تو ہلکا پھلکا شمر استعمال کر سکتی ہیں ،اس سے آپ کی آنکھوں کے نیچے بننے والی لائنز بآسانی چھپ جائیں گی ۔

40 تا 50 سال

جیسے ہی خواتین 40 کی دہائی میں قدم رکھتی ہیں تو ان کی جلد میں تبدیلیاں واضح طور پر نمایاں ہونے لگتی ہیں ۔40 سال کی عمر میں جلد میں قدرتی پروٹین کی مقدار کم ہوجاتی ہے ،جس کی وجہ سے چہرے کی جلد ڈھلکنے لگتی ہے ۔علاوہ ازیں پہلے کے مقابلے میں رنگ روپ بھی ماند پڑ جاتا ہے ،جھریاں اور لائنیں نمایاں ہوجاتی ہیں ۔بہتر ہوگا آپ اینٹی ایجنگ کریم یا لوشن استعمال کرنے کے علاوہ جلد کی تازگی اور حُسن بر قرار رکھنے کے لیے سپلیمنٹس بھی استعمال کریں ،تا کہ جلد میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کو روکا جاسکے۔

ویسے تو ہر عمر کی خاتون کو سن بلاک ضرور استعمال کرنا چاہیے ،مگر 40 سال کے بعد تو لازمی استعمال کریں اور میک اپ ایسا کریں، جس سے چہرے کے خدوخال نمایاں ہوں ۔مثلاً : بھنوئیں ،ہونٹوں اور پلکوں پر خاص توجہ دیں، تا کہ چہرہ خوبصورت نظر آئے ۔اسی طرح جب آپ 50 کے قریب ہوں تو میک اپ کے وہی شیڈز استعما ل کریں جو عمر کے لحاظ سے ہوں اور آپ پر جچتے بھی ہوں ۔ گہرے اور شوخ رنگ ہر گز نہ لگائیں بلکہ ہلکے اور غیر نمایاں شیڈز میک اپ میں استعمال کریں ۔اس طر ح آپ کا چہرہ بالکل تروتازہ اور چمکدار لگے گا۔