پختونخوا کی سیاسی جماعتوں نے عوامی رابطہ مہم تیز کردی

October 29, 2020

جیو نیوز کے سینئر رپورٹر علی عمران کی پراسرار جبری گمشدگی کے خلاف ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی سخت غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اے این پی کے بزرگ سیاستدان و سابق وفاقی وزیر الحاج غلام احمد بلور کی طرف سے کراچی میں جیو نیوز کے سینئر رپورٹر علی عمران کی پراسرار جبری گمشدگی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دھاندلی سے مسلط کئے جانے والے حکمرانوں کی طرف سے اپنی کرپشن لوٹ مار بدعنوانیوں کو چھپانے کے لئے صحافت کا گلا گھونٹا جا رہا ہے۔ میڈیا کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ پچیس ہزار سے زائد صحافیوں کو بے روزگار کر دیا گیا ہے جبکہ میڈیا کے چھ ارب روپے کی واجبات کی ادائیگی نہ کرنے سے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا بحران کا شکار ہو گئی ہے۔

جنگ و جیو کے ایڈیٹر نچیف میر شکیل الرحمان کے خلاف انتقام کی تمام حدیں پھلانگی جا رہی ہیں اور وہ سات ماہ سے زائد عرصہ سے جیل میں پڑے ہوئے ہیں جبکہ صحافیوں کو اغوا کیا جا رہا ہے۔ عوام کے ساتھ ساتھ صحافی بھی غیر محفوظ ہوگئےہیں۔ وزیراعظم پی ڈی ایم کی احتجاجی تحریک اور عوام کے بڑھتے ہوئے دبائو سے خوفزدہ ہو کر دھمکیوں پر اتر آئے ہیں کبھی بڑھک ماری جاتی ہے کہ پرانا عمران نیازی دفن ہو چکا ہے اپوزیشن اب نئے عمران نیازی کو دیکھے گی کبھی دھمکی دی جاتی ہے کہ اسمبلی توڑ دی جائے گی اور نئے انتخابات کروائے جائیں گے۔ الحاج غلام احمد بلور نے کہا کہ دھمکیوں اور بڑھکیں مارنے سے عوام کا راستہ نہیں روکا جا سکتا۔ اپوزیشن نیا پاکستان بھی دیکھ چکی ہے اب نیا عمران نیازی بھی دیکھ لے گی۔

نئے عمران نیازی کا حشر نئے پاکستان سے بھی زیادہ بدتر ہو گا۔پاکستان ڈیمو کریٹک الائنس کی طرف سے دھاندلی سے مسلط ہونے والے نااہل و نالائق حکمرانوں کا بوریا بستر گول کروانے ملک کو مزید تباہی سے بچانے اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لئے حکمرانوں کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کے فیصلے کے بعد خیبر پختونخوا میں قومی وطن پارٹی، اے این پی، جمعیت علمائے اسلام، پاکستان مسلم لیگ، پیپلز پارٹی اوردوسری سیاسی جماعتوں کی طرف سے حکمرانوں پر دبائو بڑھانے عوام کواحتجاجی تحریک اور سڑکوں پر لانے کے لئے متحرک کرنے کے لئے صوبے بھر میں رابطہ عوام مہم کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے۔

قوم پرست ترقی پسند سیاسی جماعت قومی وطن پارٹی کے آٹھویں یوم تاسیس کے سلسلے میں17اکتوبر سے 24اکتوبر تک صوبے بھر میں خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا جبکہ صوابی اور بنوںمیں بڑے جلسوں کا اہتمام کیا گیا جس میں قومی وطن پارٹی کے کارکنوں کی طرف سے استحصال قومی جبر و لوٹ کھسوٹ سے پاک فلاحی ریاست کے قیام، صوبائی خود مختاری صوبوں کے وسائل پر صوبوں کے اختیار اور حکمرانوں کے خلاف احتجاجی تحریک میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔

قومی وطن پارٹی کے قائد آفتاب احمد خان شیرپائو کی قیادت میں قومی وطن پارٹی کو مضبوط سیاسی قوت بنانے اور عوام کو حکمرانوں کے خلاف سڑکوں پر لانے کے لئے متحرک کرنے کے سلسلے میںرابطوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں و کارکنوں کی قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ پیپلز پارٹی کی سابق رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر فائزہ رشید کی قومی وطن پارٹی شمولیت اور حکمران جماعت پی ٹی آئی اے این پی اور دوسری جماعتوں کی درجنوں رہنمائوں اور ہزاروں کارکنوں کی قومی وطن پارٹی میں شمولیت کے بعد آفتاب احمد خان شیرپائو عوام کو یہ تاثر دینے میں کامیاب ہو گئے ہیں کہ دلیرانہ جدوجہد کی وجہ سے قومی وطن پارٹی عوام کی امیدوں کا محور بن گئی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام اور مسلم لیگ لائرز فورم کے صوبائی سرپرست اعلیٰ بابائے وکلا عالم زیب خان ایڈوکیٹ کی طرف سے صوبے بھر میں وکلا کو متحرک کرنے کے لئے رابطوں کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے مسلم لیگ لائرز کے عہدیداروں کے انتخاب کے بعدنومنتخب صوبائی عہدیداروں کی حلف وفاداری کی تقریب پشاور ہائی کورٹ کے بار روم میں ہوئی۔ تقریب میں صوبے بھر سے وکلا نے شرکت کی۔ وکلا کی حلف وفاداری کی تقریب بڑے سیاسی اجتماع میں بدل گئی۔

بار روم کا ہال کچھا کھچ بھرا ہوا تھا۔ ہال میں تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی جبکہ نشستیں کم پڑ گئیں اور کثیر تعداد میں وکلا کھڑے رہے۔ وکلا کی طرف سے ملک کو بچانا ہے نواز شریف کو لانا ہے۔ ملک کو بچانا ہے عمران نیازی کو بھگانا ہے۔ چاروں صوبوں کی آواز مریم نواز مریم نواز، میاں تیرے جانثار بے شمار بے شمار اور نواز شریف قدم بڑھائو پوری قوم آپ کے ساتھ ہے کے زور دار نعرے لگائے گئے۔

مسلم لیگ کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام، صوبائی جنرل سیکرٹری و سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی، مسلم لیگ لائرز فورم کے صوبائی صدر مسرت اللہ خان ایڈوکیٹ اور صوبائی جنرل سیکرٹری یوسف ریاض خلیل ایڈوکیٹ کی طرف سے مسلم لیگ لائرز فورم کے صوبائی سرپرست اعلیٰ بابائے وکلا عالمز یب خان ایڈووکیٹ کی مسلم لیگ کے لئے پچاس سالہ اور مسلم لیگ لائرز فورم کے لئے تیس سالہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا گیاکہ ان کی کوششوں سے مسلم لیگ لائرز بہت بڑی قوت بن گیا ہے۔

وکلا نے آئین و قانون کی حکمرانی، عوام کی بالادستی حقیقی جمہوریت اور آمریت کا راستہ روکنے کے لئے مسلم لیگ لائرز فورم کا ساتھ دینے کا تہیہ کر لیا ہے بابائے وکلا عالمزیب خان ایڈوکیٹ مسلم لیگ کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی خدمات کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ وکلا نے ہر آمر و ڈکٹیٹر کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے آئین و قانون کی حکمرانی کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے وکلا ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی کے لئے میدان میں نکل آئے ہیں۔ پرویز مشرف جیسے ڈکٹیٹر وکلا کے احتجاج کے سامنے نہ ٹھہر سکے۔

دھاندلی سے مسلط ہونے والے سلیکٹڈ وزیراعظم بھی وکلا کے سامنے نہیں ٹھہر سکیں گے ۔ وکلا رہنمائوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی طرف سے عدلیہ بحالی کی تحریک میں وکلا کا بھر پور ساتھ دیا گیا اور میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں کامیاب لانگ مارچ سے آزاد عدلیہ بحال ہوئی جس جذبہ سے میاں محمد نواز شریف کی طرف سے وکلا کا ساتھ دیا گیا اسی جذبہ سے وکلا بھی میاں محمد نواز شریف کا بھر پور ساتھ دیں گے۔ نئے عمران نیازی کا حشر نئے پاکستان سے بھی برا ہوگا۔