عثمان مختار کورونا وائرس میں مبتلا

October 29, 2020

پاکستان شوبز انڈسٹری کے نئے اُبھرتے ہوئے اداکار عثمان مختار عالمی وبا کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔

عثمان مختار نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئر نگ ایپ انسٹاگرام پر اسٹوری میں پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں نے کورونا وائرس ٹیسٹ کروایا تھا جس کے نتائج مثبت آئے ہیں۔‘

اداکار نے اپنے مداحوں سے دُعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے اپنی دُعاؤں میں یاد رکھیں اور عالمی وبا کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔‘

واضح رہے کہ عثمان مختار کو آخری بار مقبول ترین ڈرامہ سیریل’ثبات‘ میں دیکھا گیا تھا جو ایک نجی ٹی وی چینل سے نشر کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ دُنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ہرگُزرتے دن کے ساتھ کورونا وائرس کیسز میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اس ضمن میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی ) نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اہم فیصلے کیے ہیں ۔

این سی او سی کے فیصلے کے مطابق ملک بھر میں تمام مارکیٹس، شاپنگ مالز، شادی ہالز رات دس بجے بند کردیئے جائیں گے ۔ریسٹورنٹس بھی رات دس بجے بند کردیئے جائیں گے۔ عوامی مقامات پر ماسک پہننے پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔ ضروری سروسز میڈیکل اسٹورز، کلینکس اور اسپتال کھلے رہیں گےجبکہ پبلک پارکس بھی شام چھ بجے بند کردیے جائیں گے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے فیصلے کے مطابقراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی میں شہریوں کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے، ملتان، حیدرآباد گلگت، مظفر آباد میں بھی شہریوں کو ماسک لازمی پہننا ہوگا۔