جنت مرزا واپس پاکستان آرہی ہیں؟

October 29, 2020

ایک کروڑ سے زائد مداحوں کے دلوں میں گھر کرنے والی پاکستان کی نمبر ون ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا کا کہنا ہے کہ وہ 10دن بعد واپس پاکستان آجائیں گی۔

حال ہی میں جنت مرزا نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام کی اسٹوری میں سوال و جواب کا ایک سیشن رکھا جس میں اُنہوں نے اپنے مداحوں کے دلچسپ سوالات کے جواب دیے۔

انسٹا اسٹوری میں سوال و جواب کے سیشن میں ایک مداح نے جنت مرزا سے کہا کہ اب آپ واپس پاکستان آبھی جائیں جس پر ٹک ٹاک اسٹار نے کہا کہ ’وہ دس دن بعد پاکستان آجائیں گی۔‘

سوال و جواب کے سیشن کے دوران ایک مداح نے اُن سے فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ سے متعلق سوال کیا تو جنت مرزا نے کہا کہ ’ہم پر فرض ہے کہ ہم فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں کیونکہ ہمارے لیے حضرت محمدﷺ سے بڑھ کر کچھ نہیں۔‘

ایک صارف نے ٹک ٹاکر سے پوچھا کہ جاپان میں آپ کا کون رہتا ہے؟ جس پر جنت مرزا نے بتایا کہ ’جاپان میں اُن کے ماموں، خالہ، کزن اور بہت سارے دوست ہیں۔‘

سیشن کے دوران ایک مداح نے اُن سے اُن کی فلم کے بارے میں سوال کیا جس پر جنت کا کہنا تھا کہ ’2021 میں اُن کی فلم ریلیز ہوجائے گی۔‘

ایک سوال کے جواب میں جنت مرزا نے پاکستان کی نمبر ون ٹک ٹاک اسٹار بننے پر اپنے جذبات کا اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ اپنی کامیابی دیکھ کر بہت خوش ہوتی ہیں لیکن کسی سے مقابلہ نہیں کرتی کیونکہ اگر آج ٹک ٹاک پر سب سے زیادہ فالوورز اُن کے ہیں تو کل کسی دوسرے ٹک ٹاکر کے بھی ہوسکتے ہیں۔‘

جنت مرزا نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’پاکستان کی نمبر ون ٹک ٹاک اسٹار کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد اُن کا دل گارڈن گارڈ ن ہوگیا تھا۔‘

خیال رہے کہ جاپان میں مقیم جنت مرزا پاکستان کی نہایت مقبول ٹک ٹاکر ہیں جن کے ٹک ٹاک پر ایک کروڑ سے زائد فالوورز ہیں جبکہ گزشتہ دنوں ہی اُن کا ٹک ٹاک اکاؤنٹ بھی تصدیق شدہ ہوچکا ہے۔