ہاتھی کاوون کی پاکستان سے کمبوڈیا منتقلی، گلوکارہ چیر نے دو گانے تیار کرلئے

October 30, 2020

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی گلوکارہ، اداکارہ اور جانوروں کے حقوق کی کارکن 74 سالہ چیر دنیا کے ان چند افراد میں شامل ہیں جنہوں نے پاکستان میں ناقص حالات میں زندگی گزارنے والے ہاتھی کاوون کی آزادی اور دوسرے ملک منتقلی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔36سالہ کاوون کو رواں برس مئی میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے مرغزار چڑیا گھر سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے احکامات دیے تھے۔جس کے بعد خیال کیا جا رہا تھا کہ کاوون کو سری لنکا بھیجا جائے گا، تاہم بعد ازاں حکومت نے ہاتھی کو کمبوڈیا بھیجنے کا فیصلہ کیا۔جولائی میں حکومت نے تصدیق کی تھی کہ کاوون کو ستمبر کے آخر تک کمبوڈیا منتقل کیا جائے گا، تاہم بعد ازاں ہاتھی کی خراب صحت کے پیش نظر اس کی منتقلی کے فیصلے کو مزید کچھ ہفتوں کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا۔اور اب خیال کیا جا رہا ہے کہ کاوون کو نومبر کے وسط تک کمبوڈیا منتقل کردیا جائے گا، تاہم ہاتھی کو منتقل کیے جانے کے حوالے سے حتمی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا گیا۔36 سالہ کاوون کی کمبوڈیا منتقلی پر جہاں دنیا بھر کے جانوروں کے حقوق کے کارکن خوش ہیں، وہیں امریکی گلوکارہ 74 سالہ چیر بھی بے حد خوش ہیں۔ چیر نے کاوون کی پاکستان سے کمبوڈیا منتقلی کے موقع پر 2 خصوصی گانے بھی تیار کرلیے ہیں جب کہ وہ ہاتھی کی منتقلی کے وقت امریکا سے کمبوڈیا بھی پہنچیں گی۔اداکارہ چیر نے اپنی ٹوئٹ میں کاوون کی منتقلی کے لیے تیار کیے گئے پنجرے کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ وہ ہاتھی کی منتقلی کے حوالے سے بہت خوش ہیں۔