کرپشن کیس میں گرفتار بااثر ملزم غائب، اینٹی کرپشن حکام خاموش

October 30, 2020

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)ٹی ایم اے کرپشن کیس میں گرفتارایک ملزم کہاں گیا اینٹی کرپشن حکام نے چپ سادھ لی ۔تھانہ اینٹی کرپشن راولپنڈی ریجن نے 2017میں درج کئے گئے مقدمہ میں بدھ کو تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن راولپنڈی کے پانچ افسروں سابق ٹی اوپی طارق عزیز، اے ایم اوپی ملک توصیف احمد، محمداسلم سپرنٹنڈنٹ ،اعجازرضا بلڈنگ انسپکٹر،صوفی خالدمحمودسابق بلڈنگ انسپکٹر کو گرفتار کیااوراس حوالے سے سرکل افسر ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی ذوالفقار بازیدنے بدھ کو ٹی ایم اے راول ٹاؤن کے پانچوں افسروں کی گرفتاری کی تصدیق کی لیکن جمعرات کواینٹی کرپشن کورٹ میں چارملزموں کوپیش کیاگیاان میں اے ایم اوپی ملک توصیف احمد شامل نہیں تھے حالاں کہ جمعرات کو آفس آف دی سپوکس پرسن اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب لاہورکی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیزمیں بھی پانچ ملزموں بشمول ملک توصیف احمدکی گرفتاری کاذکرکیاگیا۔یہاں یہ امرقابل ذکرہے کہ تھانہ اینٹی کرپشن راولپنڈی کی بلڈنگ میں حوالات نہیں ہے اوراینٹی کرپشن حکام گرفتار کئے گئےملزموں کوتھانہ سول لائن کی حوالات میں بندکراتے ہیں جہاں رابطہ کرنے پرمعلوم ہواکہ بدھ کی رات اینٹی کرپشن عملے نے چارملزموں کوان کی حوالات میں بندکرایاتھا اورآج جمعرات کی رات بھی ان کے وہی چارملزمان حوالات میں بند ہیں ۔ذرائع کاکہناہے کہ اے ایم اوپی ملک توصیف احمدانتہائی بااثرآدمی ہے جس کی تقریباً ساری سروس راولپنڈی میں گذری اور کرپشن وبدعنوانی کی تمام ترشکایات کے باوجودکوئی اس کاکچھ نہیں بگاڑسکا۔ڈائریکٹراینٹی کرپشن راولپنڈی کنول بتول اورسرکل افسرذوالفقاربازیدنے رابطہ کرنے پرفون اٹینڈنہیں کیا۔