بچوں کی جبری مشقت خاتمے کیلئے قانون سازی کر رہے ہیں،شیریں مزاری

October 30, 2020

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسانی حقوق کی وفاقی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہےکہ تحریک انصاف کی حکومت بچوں سے جبری مشقت کے خاتمے سمیت ان کے حقوق کیلئے اہم قانون سازی کر رہی ہے پانچ ماہ قبل پرندے اڑا دینے کی پاداش میں قتل کی جانے والی سات سالہ زہرہ شاہ کا کیس ہمارے لئے بہت اہم ہے کیونکہ گھریلو ملازمین پر تشدد اور قتل کے واقعات میں اضافہ باعث تشویش ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جوڈیشل کمپلیکس راولپنڈی میں زہرہ شاہ قتل کیس کی سماعت کے موقع پر مقتولہ کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مدعی مقدمہ کے وکلاء جویریہ رحمان فیصل اور رضاء الرحمان کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں بچوں کی گھریلو مزدوری اور ملازمت پر ایمپلائمنٹ آف چلڈرن ایکٹ 1991میں ترمیم کے ذریعے پابندی عائد کر دی ہے ،خواہش ہے کہ تمام صوبے بھی یہ قانون تسلیم کر لیں۔