خستہ حال ڈیفنس روڈ کی تعمیر نو کیلئے پانچ کروڑ گرانٹ کی منظوری

October 30, 2020

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) کمشنر راولپنڈی کیپٹن(ر) محمد محمود نے ڈیفنس روڈ کی تعمیر نو کیلئے پانچ کروڑ روپے کی باقاعدہ منظوری دیدی ۔خواجہ کارپوریشن چوک سے عسکری 14 کے گیٹ تک یہ سڑک بنائی جائے گی۔ گزشتہ کئی برسوں سے اس سڑک کی خستہ حالی کے باعث ہزاروں افراد کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ اہل علاقہ نے سڑک کی تعمیر کیلئے فنڈز مہیا کرنے پر کمشنر راولپنڈی ، رکن قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق اور رکن صوبائی اسمبلی حاجی چوہدری امجد کا شکریہ ادا کیا ہےاور اس یقین کا اظہار کیا ہےکہ سڑک کو بھاری گاڑیوں کی ضرورت کے مطابق تعمیر کیا جائیگا۔