سیڑھیوں کو روشن کرنے کے نئے انداز

November 01, 2020

کچھ چیزیں ایسی ہیں جن کے بغیر ہمارا گزارا ممکن نہیں، گھر چھوٹا ہو یا بڑا وہ ناگزیر ہوتی ہیں۔ سیڑھی کا شمار بھی ایسی ہی چیزوں میں ہوتا ہے۔ گھر میں ایک منزل سے دوسری منزل پر جانے کے لیے سیڑھی ایک بنیادی عنصر ہے۔ چاہے آپ کے پاس جگہ کتنی ہی کم کیوں نہ ہو، آپ کو یہ لازمی بنوانی پڑتی ہے۔ گھر کی خوبصورتی میں سیڑھیوں کا تخلیقی اور افسانوی ڈیزائن اس کو اُبھارنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ سیڑھیوں پر اندھیرا رکھنےکے بجائے انھیں روشن کرنا بہتر رہتا ہے۔ اس طرح نہ صرف پورے گھر کی خوبصورتی بڑھتی ہے بلکہ ہرکوئی ان پر چڑھتے وقت بہت اچھا محسوس کرتا ہے۔

گھر کی سیڑھیوں (Stairways)کی اچھی لائٹنگ کرنا اتنا ہی اہم ہے، جتنا گھر کے باقی کمروں کی لائٹنگ کرنا۔ لہٰذا گھر کی لائٹنگ کرتے وقت سیڑھیوں کو کسی صورت بھی نظرانداز نہیں کرنا چاہیے کیونکہ اس سے سیڑھیاںاستعمال کرنے والوں کی حفاظت ہوتی ہے اور سیڑھیوں پر پیش آنے والے ممکنہ حادثات سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔ ذیل میںسیڑھیوں کے لیے مختلف لائٹس کا ذکر کیا جارہا ہے، جنہیں آپ اپنی پسند اور گھر کے امتزاج کے حساب سے لگواسکتے ہیں۔

سولر ویج لائٹس

اس طرح کی سولر لائٹس آؤٹ ڈور سیڑھیوں کے لیے بہترین ہیں۔ ان لائٹس کے چارج ہونے کے لیے ضروری ہے کہ ان پر سورج کی دھوپ براہِ راست اور پوری پڑتی ہو، جس کے بعد رات کے وقت انھیںآن کیا جاسکتا ہے۔ سولر ویج لائٹس (Solar Wedge Lights)سے نہ صرف سیڑھیاں بلکہ ارد گرد کا ماحول بھی روشن ہوجائے گا۔

ایکسٹیریئر اسٹیپ لائٹ

ان لائٹس کو سیڑھیوں کے ہر اسٹیپ پر سامنے سے نصب کریں جبکہ انھیں ہینڈ ریل پر بھی لگایا جاسکتا ہے۔ لائٹس کی تنصیب تھوڑے تھوڑے فاصلے پر کریں۔ گھر کے بیرونی حصے میں موجود سیڑھی پر اسٹیپ لائٹنگ آپ کے آنے جانے کے راستوں کو روشن، صحن کو اضافی تحفظ اور ماحول کو نفاست بخشتی ہے۔ یہ لائٹس ایل ای ڈی، ایل سی ڈی اور سولر، تینوں ٹیکنالوجیز میں دستیاب ہیں۔ ان لائٹس سے آؤٹ ڈور سیڑھیاں رات کے وقت روشن ہوکر کھِل اُٹھتی ہیں۔

اسٹون پاتھ وے لائٹنگ

اگر آپ کو گھر میں داخل ہونے کے لیے پتھر سے بنی سیڑھیوں سے گزر کر جانا پڑتا ہے تو انھیں آپ خوبصورت طریقے سے روشن بنا سکتے ہیں۔ گلاس فریم کے اندر نصب ایل ای ڈی لائٹس کو آپ ہر دواسٹیپ چھوڑ کرتیسرے اسٹیپ پر نصب کریں۔ لائٹ پھیل کر ہر طرف روشنی پھیلا دے گی۔ ایسی لائٹنگ کا فائدہ یہ ہے کہ اس کے لیے آپ کو زیادہ لائٹس کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ اس کی مدھم روشنی کافی رومانوی محسوس ہوتی ہے۔

ایل ای ڈی لائٹس

لائٹس نہ صرف سیڑھیوں سے اندھیرے ختم کرتی ہیں بلکہ گھر کے اس حصے کو ایک نفیس انداز بھی بخشتی ہیں۔ لائٹس کے حوالے سے ایک بہترین آپشن ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب ہے کیونکہ کم توانائی خرچ کرنے کی خصوصیت رکھنے کے باعث ایل ای ڈی لائٹس کو دوسری تمام ٹیکنالوجیز پر سبقت حاصل ہے۔ سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ سیڑھی کے ہر اسٹیپ پر فلور ٹائل کے نیچے ایک ایل ای ڈی اسٹرپ نصب کردیں، اس کی مدھم روشنی ہر طرف پھیل جائے گی۔

وال سرفیس لائٹنگ

یہ سیڑھیوں کو روشن کرنے کا ایک اور انوکھا اور منفرد اسٹائل ہے۔ سیڑھیوں کے ساتھ والی دیوار پر ایل ای ڈی لائٹس کی اسٹرپ کو سہارا دینے کے لیے لگائے گئے ’ہینڈریل‘ کے نچلے حصے میں وال سرفیس لائٹنگ نصب کردیں۔ یہ لائٹس سیڑھیوں کو اس طرح روشن کریں گی کہ آپ کو پتہ بھی نہیں چلے گا کہ روشنی کہاں سے پڑ رہی ہے۔ خصوصاً جس گھر میں بچوں کی چہل پہل رہتی ہو، وہاں کے لیے یہ لائٹس بہترین ہیں۔

اسٹیئروے لائٹنگ فکسچرز

ہم فانوس کو بہت شوق سے گھر کی چھتوں اور دیواروں پر لگاتے ہیں۔ اسے جلانے یا بند کرنے کے لیے وال سوئچ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اب جدید فانوس میں ایل ای ڈی لائٹس بھی استعمال ہونے لگی ہیں۔ کاپر سے بنے فانوس کو سیڑھیوں کو روشن رکھنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ ایک اینٹیک روایتی لائٹنگ کا انداز ہے، جو آپ کے گھر کو شاندار انداز فراہم کرتا ہے۔ اس کی خاصیت یہ ہے کہ اس سے نہ صرف سیڑھیاںبلکہ پوری جگہ منور ہوجاتی ہے اور یہ کئی سائز میں دستیاب ہے۔

سینسر والی اسٹیئرلائٹس

سیڑھیوں کے کوریڈور میں لگائی جانے والی یہ لائٹس وائر لیس موشن سینسر کی حامل ہوتی ہیں اور دیوار پر نصب کی جاتی ہیں۔ جب بھی آپ سیڑھیوں پر چڑھیں یا اتریں گے تو سینسر کے باعث لائٹس خود بخود آن ہوجائیں گی اور جب آپ وہاں سے گزر کر جا چکے ہوں گےتو تھوڑی دیر بعد لائٹس خود بخود آف ہوجائیں گی۔

اس طرح آپ کو ناتو ان لائٹس کو آن کرنا پڑتا ہے اور ناہی انھیں آف کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔ آپ بھی اپنے گھر کی سیڑھیوں میں ان لائٹس کی تنصیب کریں اور لائٹس کھولنے، بند کرنے کی زحمت سے بچیں۔