سولر ٹائلز... جدید تعمیرات میں توانائی کا متبادل ذریعہ

November 01, 2020

ملک بھر میں طویل عرصے سے توانائی کے بحران کا مسئلہ درپیش ہے، اس کے علاوہ آئے روز بجلی کی بڑھتی قیمتوںکے باعث یہ لوگوںکے لیے پریشانی کا باعث بنا ہوا ہے۔ ان مسائل سے بچنے کا واحد طریقہ بجلی کے متبادل توانائی کے ذرائع کا حصول ہے۔ یہ نہ صرف نسبتاً سستے پڑتے ہیں بلکہ ماحول دوست بھی ہوتے ہیں۔

متبادل توانائی ذرائع میں سے ایک شمسی توانائی کا حصول ہے، جس کا استعمال اکثر گاؤںدیہات اور شہروںکے مضافات میں دیکھنے کو ملتا ہے۔ شمسی توانائی حاصل کرنے کے لیے پینلز لگائے جاتے ہیں مگر اب سولر ٹائلز بھی اس مقصد کے لیے استعمال کیے جارہے ہیں جو عام طور سے چھتوں پر نصب کیے جاتے ہیں۔

اگر آپ مکان کی تعمیر کا ارادہ رکھتے ہیںیا تعمیر شدہ مکان کی مرمت یا تزئین نو کروانا چاہتے ہیں تو چھت پر سولر سسٹم لگا نے کا یہی نادر موقع ہے۔ دیکھا جائے تو شمسی توانائی کے ذریعے بجلی حاصل کرنےکے لیے صرف ایک بار سرمایہ کاری کی ضرورت ہوتی ہے اور پھر ایک طویل عرصہ کے لیے توانائی کا مسئلہ حل ہو جاتا ہے۔

ہمارے ملک کے بیشتر علاقوں میں سال کے تقر یباً 300دن سورج کی دھوپ میسر رہتی ہے جو کہ شمسی توانائی کے حوالے سے ایک خزانہ ہے اور یہ کبھی ختم نہیں ہوگا۔ ہمیں چاہیے کہ قدرت کی عطا کردہ اس نعمت سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاتے ہوئے متبادل توانائی کا انتظام کریں۔

شمسی توانائی کیا ہے؟

سورج سے حاصل ہونے والی توانائی ’شمسی توانائی‘ (سولر انرجی) کہلاتی ہے۔ سورج کی شعاعوں کا صرف چوتھائی حصہ ہی زمین پر آتا ہے جبکہ تین چوتھائی حصہ کرہ باد میں ہی رہ جاتا ہے۔ سورج اپنی توانائی ایکس رے سے لے کر ریڈیائی لہروں کی طول موج (Wave Length) پر منعکس کرتا ہے۔

اسپیکٹرم (Spectrum) کے 40فیصد حصے پر یہ توانائی نظر آتی ہے اور 50فیصد شمسی توانائی انفرا ریڈ (Infrared) اور بقیہ الٹرا وائلٹ(Ultra Violet) کی شکل میں نمودار ہوتی ہے۔ یہ قدرت کا عطیہ ہے کہ ہر روز دنیا پر اتنی دھوپ پڑتی ہے کہ اس سے کئی ہفتوں کے لیے بجلی تیار کی جا سکتی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق دیگر ذرائع سے حاصل کردہ توانائی کے مقابلے میں سورج کی روشنی سے 36گنا زیادہ توانائی حاصل کی جاسکتی ہے۔ دھوپ کی تپش کو پانی سے بھاپ تیار کرکے جنریٹر چلانے اور بجلی بنانے میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

سولر ٹائلز کی ایجاد

سولر ٹائلز بھی سولر پینل کی طرحبجلی پیدا کرنے والا سسٹم ہے۔ ان کی سڑکوں اور راہگزرپر تنصیب سے بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔ برطانیہ کی گلاسگو یونیورسٹی کے سائنس دانوں کو ایسی ٹائلز ایجاد کرنے میںکامیابی ملی جونہ صرف بجلی پیدا کر سکتی ہیں بلکہ انسان کا وزن برداشت کرنے کی صلاحیت رکھنے کے ساتھ ساتھ واٹر پروف بھی ہیں۔ اس کے علاوہ امریکی کمپنی ٹیسلا (برقی گاڑیاں بنانے والی کمپنی ) نے چھتوں پر لگنے والی ایسی ٹائلز متعارف کروائیں، جن میں شمسی توانائی کے پینل لگے ہوئے تھے۔

ایسے سولر ٹائلز پر بھی کام جاری ہے جو بظاہر نظر نہیں آئیں گے، اس طرحگھروں کو شمسی توانائی کی فراہمی آسان ہوجائے گی۔ شیشے کی بنی یہ ٹائلزدکھنے میںعام ٹائلز کی طرح ہیںمگر شمسی توانائی کے حصول کا ایک قابل قدر ذریعہ ہیں۔ باہر سے دیکھنے والوں کو اندازہ نہیں ہوتا کہ آیا یہ عام ٹائلز ہیں یا پھر سولر ٹائلز۔ دن کی روشنی میں ان ٹائلز کی مدد سے فی مربع میٹر200واٹ بجلی حاصل کی جا سکتی ہے جبکہ ابر آلود موسم کے دوران ان سے بجلی کی پیداوار میں 50واٹ کمی واقع ہو گی۔ دنیا بھر میںبجلی کی قلت پر قابو پانے کے لیے سولر ٹائلز مستقبل میں انتہائی اہم کردار ادا کریں گی۔

میکانیزم

سولر ٹائلز میں فوٹو وولٹیک (Photovoltaic) سیلز موجود ہوتے ہیں، جب انہیں سورج کی روشنی ملتی ہے تو وہ بجلی تیار کرتے ہیں، جو عمارت میں ضرورت کے مطابق استعمال کی جاتی ہے۔ کیبلز کے ذریعے ہر ٹائل بجلی کے ڈسٹری بیوشن بورڈ سے منسلک ہوتی ہے۔ سولر ٹائلز، فوٹووولٹیک پینلز پر یکساں طور پر کام کرتے ہیں۔ ان کے درمیان بنیادی فرق اسمبلی کا ہے، جہاں فوٹووولٹیک پینل کسی چھت سے منسلک ہیں ، وہاں سولر ٹائلیں شروع سے ہی چھت کی تعمیر کا حصہ بن جاتی ہیں۔

سولر ٹائلز کے مؤثر استعمال کیلئے ایک انورٹر انسٹال کرنا ضروری ہوتاہے، جو ہر ٹائل کی توانائی کو بجلی میں بدل دیتا ہے۔ ایک اور متبادل سولر ڈائیورٹر (Diverter)یا 'گھریلو شمسی نظام انسٹال کرنا ہوتاہے، جس کے لیے کسی پیشہ ور ماہر کی نگرانی درکار ہوتی ہے۔ اس کے ذریعےجمع کی جانے والی توانائی کا براہ راست تعلق سولر ٹائلز پر پڑنے والی سورج کی روشنی سے ہوتا ہے جبکہ آب و ہوا بھی اس مقام سے مربوط ہوتی ہے۔ بہتر سے بہتر نتائج حاصل کرنے کے لیے سولر ٹائلز کو صاف کرنا ضروری ہے۔

سولر ٹائلز کی تنصیب

اگر آپ عمارت تعمیر کروا رہے ہیں تو فوٹووولٹیک ٹائلوں کی تنصیب پر غور کریں۔ اعلیٰ معیار کی ٹائل پر آنے والی لاگت تقریباً 5 سال میں خاطر خواہ بچت پیدا کرتی ہے۔ سولر ٹائلز عام طور پر کارپوریٹ عمارتوں میں استعمال ہوتے ہیں کیونکہ ان میں پائیداری اور معیار کو کافی اہمیت دی جاتی ہے۔ تاہم، انہیں بجلی کے اخراجات کم کرنے کے لیے مکانات میں بھی نصب کیا جاتا ہے۔