لینڈ اسکیپنگ میں ’واک وے‘ ڈیزائننگ کی اہمیت

November 08, 2020

گھر کے بیرونی حصے کو پُرکشش بنانے کے حوالے سے اکثر بات ہوتی رہتی ہے، تاہم آج خصوصی طور پر واک وے کی ڈیزائننگ موضوع گفتگو ہے۔ جس طرح انٹیریئر ڈیزائننگ میں داخلی راستے کو خاص اہمیت حاصل ہے، بالکل اسی طرح گھر کے بیرونی حصے کو نیا اور منفرد انداز دینے کے لیے مختلف مٹیریل سے واک وے کی ڈیزائننگ بھی ضروری ہے ۔

واک وے، لینڈ اسکیپنگ کا وہ خاص جزو ہے جو گھر کے عقبی حصے، صحن، باغیچے اور چاروںاطراف کی ڈیزائننگ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ گھر کے بیرونی حصے کی ڈیزائننگ کے دوران زیادہ تر افراد واک وے کو موزوں طریقے سے ڈیزائن کرنے پر توجہ دینا ضروری نہیں سمجھتے جوکہ غلط ہے۔ واک وے کی ڈیزائننگ گھر کے بیرونی حصے میںایک جگہ سے دوسری جگہ جانے، بارشوں کے موسم میں باغیچے میں ہونے والی کیچڑ سے محفوظ رہنے اور عام دنوں میں گھاس کی حفاظت کے پیش نظر کی جاتی ہے۔

ڈیزائن اور مواد

واک وے ڈیزائننگ کے لیے مواد کی بات کی جائے تو یہ ڈیزائن کے حساب سے مختلف ہوسکتا ہے جبکہ ان دنوں اسٹریٹ ، کراس اور کروڈ ڈیزائن زیادہ مشہور ہیں۔ مواد کے طور پر بجری، اینٹ اور بلیو اسٹون سے کنکریٹ تک کوئی بھی مواد آپ کے لینڈ اسکیپ کی شان و شوکت بڑھاسکتا ہے۔

اسٹیپنگ اسٹون

واک وے ڈیزائننگ کے لیے آپ کے پاس سب سے بہترین آپشن اسٹیپنگ اسٹون ہے۔ تعمیراتی ماہرین اسے ایک سستا اور آسان انتخاب قرار دیتے ہیں۔ ہفتہ وار چھٹی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کوئی بھی شخص اپنے باغیچے میں تھوڑی سی محنت سے اسٹیپنگ اسٹون لگاسکتا ہے۔ اسٹیپنگ اسٹون کے لیے پہلا مرحلہ زمین میں نصب کیے جانے والے ان پتھروں کے سائز، رنگ اور ساخت کا انتخاب ہے۔ یعنی جس جگہ آپ واک وے بنانا چاہتے ہیں وہاں کی چوڑائی کو ذہن میں رکھتے ہوئے پتھروں کا سائز منتخب کیجیے۔

لیکن اس کے باوجود یہ آپ کی پسند پر منحصر ہے کہ واک وے ڈیزائننگ کے لیے چھوٹے پتھروں کا انتخاب کرتے ہیں یا پھر بڑے سائز کے مختلف اور منفرد پتھروں کا۔ عام طور پر گھر میںباغیچے کے لیےبڑے سائز کے پتھروں کے بجائے چھوٹے اور گول یا پھر جیومیٹریکل ساخت کے پتھر زمین میں نصب کرنے کا ڈیزائن زیادہ مقبول ہے ۔

برکس واک وے

مٹی سے تیار کی جانے والی اینٹوں سے واک وے کی تعمیر صدیوں سے مقبول ہے۔ آج بھی واک وے ڈیزائننگ کے لیے ماہرین مٹی سے بنی اینٹوں کو ٹرینڈکا حصہ سمجھتے ہیں۔ باغیچے میں برکس واک وے بنانے کے لیے ڈوری یا دھاگے کی مدد سے پہلے لائن بناکر نشان لگایا جاتا ہے۔

پھر اس جگہ 180ملی میٹر تک زمین کی کھدائی کی جاتی ہے، جس کے بعد اندرونی طرف پلاسٹک لینڈ اسکیپ ایجنگ (Plastic landscape edging) فکس کرتے ہوئے اس حصے کو نم ریت سے بھر دیا جاتا ہے اور پھر اس پر اینٹیں رکھی جاتی ہیں ۔ اینٹوں کو رکھنے کا انداز سیدھا ، آڑا یا ترچھا ہوسکتا ہے۔

بلیو اسٹون

عموماً دیکھا گیا ہے کہ بلیو اسٹون کو زیادہ تر افراد قسمت چمکانے والے پتھر کا نام دیتے ہیں۔ لہٰذا واک وے ڈیزائننگ کے لیے بلیو اسٹون کا انتخاب آپ کے باغیچے کی قسمت چمکاسکتا ہے۔ قدرتی نیلے پتھر سے تعمیر کیا گیا واک وے گھر کے بیرونی حصے کی قدروقیمت بڑھانے کا اہم ذریعہ تسلیم کیا جاتا ہے۔

عام طور پر واک وے کے لیےبلیو اسٹون کا انتخاب اس وقت کیا جاتا ہے جب مکینوں کو کچھ منفرد اور غیر معمولی انداز میں واک وے ڈیزائن کروانا مقصود ہو۔ بلیو اسٹون کے ساتھ واک وے بنانے کےبعد دونوں کناروں پر مختلف قسم کے رنگ برنگے پودے رکھنا لازمی سمجھا جاتا ہے۔

ٹمبلڈ گلاس

اس منفرد واک وے ڈیزائن پر بات کرنے سے قبل ہم چاہیں گے کہ قارئین ٹمبلڈ گلاس کے بارے میں جان لیں۔ ٹمبلڈ گلاس در اصل شیشے کی وہ قسم ہے جسے دریاؤں اور جھیلوں کے آس پاس سے حاصل کیا جاتا ہے۔ اسے فیکٹریاں یا ہنرمند افراد جیولری اور ڈیکوریشن پیسز کی تیاری کے لیے استعمال میں لاتے ہیں۔

تاہم، آپ گھر کے باغیچے کو ایک منفرد طرز سجاوٹ دینے کے لیے گلاس کی اس قسم کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ آپ منتخب کیے گئے واک وے ایریا پر اسے بچھا کر چند ہی لمحوں میں پورے باغیچے کا لک تبدیل ہوتا ہوا محسوس کریں گے۔ غیر معمولی یا جیومیٹریکل انداز کے برعکس ٹمبلڈ گلاس کےلیے سیدھا اور چوڑا واک وے ڈیزائن منتخب کیا جائے تو وہ زیادہ خوبصورت معلوم ہوتا ہے ۔

بیمبو واک وے

بیمبو لکڑی کو زمین پر موجود پائیدار تعمیراتی مواد میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔ لکڑی کی اس قسم کا انتخاب ماحول دوست مکانات کی تعمیر کے لیے ضروری تصور کیا جاتا ہے۔ بیمبو سے بنا واک وے دراصل سطح زمین سے ایک دو انچ اونچائی پر بنایا جاتا ہے، جس کے باعث یہ دیکھنے میں دیگر ڈیزائن سے منفرد معلوم ہوتا ہے۔ یہی نہیں، باغیچے میں بیمبولکڑی سے تیار کیا گیا واک وے یقیناً گھر میں داخل ہونے والے ہر شخص کو آپ کے جمالیاتی ذوق سے متاثر کرے گا۔