نئے مکان میں منتقلی کے بعد ضروری اقدامات!

November 08, 2020

اپنے موجودہ گھر کو چھوڑ کر نئے تعمیر کردہ مکان یا پہلے سے تعمیر شدہ کسی دوسرے مکان میں منتقل ہونا آسان کام نہیں ہوتا۔

یہ ایک ایسا مرحلہ ہے جس میں ذرا سی بھی کوتاہی آپ کو نئے مکان میں پریشان کرسکتی ہے۔ سامان اگر دیکھ بھال کر پیک نہیں کیا گیا تو اس کو نئی جگہ سیٹ کرنے میںکئی دن لگا جائیں گے۔ ہر چیز کارٹن میں پیک کریں اور جو بھی سامان رکھیں اس کے اوپر لازمی لکھیں کہ اس میں کیا رکھا گیا ہے۔ تمام سامان کو نئے مکان میں منتقل اور سیٹ کرنے کے بعد آپ کو لگتا ہے کہ سب سے مشکل مرحلہ ختم ہو گیا ہے۔ یہ واقعی بہت تھکادینے والا عمل ہے، تاہم نئے مکان میںکچھ ایسی چیزیں بھی ہوتی ہیں جنہیںلازمی دیکھنا چاہیے۔

مکان کی صفائی

ہوسکتا ہے جب آپ کو نئے مکان کی چابی دی جائے تو وہ صاف ستھرا ہومگر پھر بھی آپ اپنے طریقے سے اس کی صفائی ضرور کریں۔ آپ صفائی کے لیےکسی کام والے کی مدد بھی لے سکتے ہیں۔ تمام سامان جیسے کہ بالٹی، جھاڑو، موپ، ویکیوم کلینر اور دیگر سامان اکٹھا کرلیں پھر ان کی مدد سے کاؤنٹر ٹاپ، کیبنٹس کے نچلے حصے، سنک ، ٹائلز اور نلکوں کی صفائی کریں۔ اگر گھر میں معیاری کلینر دستیاب نہ ہو توقدرتی کلینرز مثلاً لیموں، سرکہ، بیکنگ سوڈا اور زیتون کے تیل کے ذریعے بھی مکان کی صفائی کا کام بخوبی کیا جاسکتا ہے۔

یوٹیلیٹی سہولیات

اپنے الیکٹرانکس اپلائنسز کی جانچ پڑتال سے قبل یہ یقینی بنائیں کہ نئے گھر میں ساری یوٹیلیٹی سہولیات دستیاب ہیں اور قابل استعمال ہیں۔ ایسا نہ ہو کہ آپ رات گئے شفٹنگ مکمل کرنا چاہیں اور وہاں لائٹس کا انتظام نہ ہو۔ آپ کے لیے اس سے زیادہ پریشان کن صورتحال پید ا نہیں ہوسکتی۔

اہم آلات کی جانچ

اگر آپ نے بڑے آلات جیسے چولہا ، ڈش واشر، واشنگ مشین یا ڈرائر وغیرہ منتقل کردیے ہیں تو اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام آلات اور الیکٹرانک اپلائنسز صحیح کام کر رہے ہیں۔ اس طرح یہ بھی پتہ چل جائے گا کہ شفٹنگ کے دوران کہیں کسی چیز کو نقصان تو نہیں پہنچا۔

اگر کوئی اپلائنسز خراب ہوگئے ہیں یا ان کی مرمت ضروری ہے تو وہ فوراً ہی کروالیں۔ اس کے علاوہ الیکڑیشن کی خدمات حاصل کرکے بجلی کے تمام بورڈز اور وائرنگ چیک کروالیں، اگر آپ کو کسی چیز کا اضافی کنکشن چاہیے تو اس کا بھی انتظام کروالیں۔

ڈبے اور فرنیچر دیکھنا

اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ شفٹنگ کے بعد تمام کارٹنوں اور فرنیچر کی جانچ پڑتال کرلیں اور اس بات کااطمینان کرلیں کہ کسی چیز کو نقصان نہیں پہنچا۔ اس بات کی بھی تشفی کرلیں کہ آپ کا سب سامان منتقل ہوگیا ہے اور کوئی چیز رہ نہیںگئی۔ آپ گھر کی انوینٹری کروا کر بھی یہ کام کرسکتے ہیں۔

لاک تبدیل کرنا

عام طور پر اکثر افراد اس جانب توجہ نہیں دیتے، تاہم کسی بھی حادثے سے محفوظ رہنے کے لیے لاک کی تبدیلی بے حد ضروری ہے۔ جیسے ہی آپ کو مکان کی چابی وصول ہو، آپ سب سے پہلے دروازوں میں نئے لاک نصب کروائیں کیونکہ وہ گھر اب آپ کا ہے، لہٰذا کسی دوسرے پر اعتماد کرنے سے زیادہ بہتر یہ ہے کہ آپ لاک بدلنے پر تھوڑا خرچہ کرلیں۔ ساتھ ہی بیرونی دروازوں اور کھڑکیوں پر لوہے کی حفاظتی گِرل بھی لگوالیں۔

رسیدیں جمع رکھنا

اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ اپنی شفٹنگ سے متعلق تمام رسیدیں اور دستاویزات ایک فائل میں جمع کریں اور اسے ایک محفوظ جگہ پر رکھیں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے پاس ادائیگی کی تمام رسیدیں موجود ہیں۔ اس طرح آپ ٹیکس ریٹرن بھرنے کے وقت اپنے اقدام کا دعویٰ کرنے کے قابل ہوسکتے ہیں کیونکہ کسی بھی دعویٰ کے لیے دستاویزی ثبوت درکار ہوتے ہیں۔

بچوں کا اسکول میںداخلہ

اگرچہ ایک اچھا اسکول ڈھونڈنا ایک ایسا کام ہے جو آپ کو مکان کی منتقلی سے پہلے کرلینا چاہئے، تاہم اگر آپ کے پاس وقت نہیں تھا یا آپ اپنے پرانے گھر سے بہت دور کہیں رہائش اختیار کرتے ہیں تو آپ کوشفٹنگ کے فورا ً بعد ہی معیاری تعلیم مہیا کرنے والے اسکولوں کے بارے میں تحقیق کرنے کی ضرورت ہوگی۔ جتنی جلدی آپ اپنے بچوں کا اسکول میںاندراج کرائیں گے، اتنی جلدی زندگی معمول پر آسکے گی اور آپ کی نئی زندگی آسان ہوگی۔

پڑوسیوں سے رابطہ

اپنےگھر کے دائیں بائیں موجود پڑوسیوں سے رابطہ کریں اور ان سے جان پہچان قائم کریں۔ ایسا کرنے سے آپ کو نئے علاقے کے بارے میں بھی آگاہی حاصل ہو گی ۔ نیز دونوں گھرانوں کےعلم میں بھی آئے گاکہ ان کے پڑوس میں کون رہائش پذیر ہے۔

ہنگامی رابطہ فہرست

جب بھی آپ کسی نئے شہر یا علاقے جاتے ہیں تو بہتر ہوتا ہے کہ آپ تمام مقامی معلومات کی ہنگامی رابطہ فہرست بنانے کیلئے کچھ وقت نکالیں تاکہ جب آپ کو ضرورت پڑے تو وقت ضائع نہ ہو اور آپ آن کی آن میں مدد طلب کرسکیں۔ اگرچہ اس کام کو بعد میں بھی کیا جاسکتا ہے لیکن جس قد ر جلد ممکن ہو یہ کام کر گزریں تاکہ گھر کے افراد کو معلوم ہو کہ ہنگامی حادثات کی صورت میںکس کو فون کرنا ہے۔