کورونا ویکسین کی تیاری، جو بائیڈن کی سائنسدانوں کو مبارکباد

November 09, 2020

نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے امریکا اور جرمنی کی دواساز کمپنیوں کی جانب سے مشترکہ تجرباتی کورونا وائرس کی ویکسین کے 90 فیصد سے زیادہ موثر ہونے کی خبر پر تمام سائنس دانوں کو مبارکباد دی ہے۔

نومنتخب امریکی صدر نے ولمنگٹن سے جاری اپنے بیان میں کہا کہ کورونا ویکسین بنا کر نئی امید دینے والے تمام ذہین خواتین اور مردوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

جو بائیڈن نے مزید کہا کہ ہمیں سمجھنا ہوگا کہ کورونا سے جنگ کا خاتمہ مہینوں کی دوری پر ہے۔

انھوں نے کہا کہ ماسک پہننے کی اہمیت برقرار ہے جو مستقبل قریب تک رہےگی۔

واضح رہے کہ امریکا اور جرمنی کی دواساز کمپنیوں نے اپنی مشترکہ تجرباتی کورونا وائرس کی ویکسین کے 90 فیصد سے زیادہ مؤثر ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

دواساز کمپنیوں کے دعوے کے بعد امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ 90 فیصد مؤثر کورونا ویکسین کی خبر بہت زبردست خبر ہے، ویکسین جلد آرہی ہے۔

دواساز کمپنیوں کی طرف سے خبر سامنے آنے پر امریکی صدر ٹرمپ نے بھی سوشل میڈیا پر کورونا ویکسین جلد آنے کا کہہ دیا۔ اُن کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین کا آنا بڑی خبر ہے۔