گورنر سندھ سے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ کے عہدیداروں کی ملاقات

November 10, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب عہدیداروں نے گورنرہاؤس میں ملاقات کی ۔اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی بھی موجود تھے ۔ گورنر سندھ نے ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی ،ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے صنعتوں کے لئے بجلی کے ٹیرف میں کمی پر وزیر اعظم سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پیک آور ٹیرف کے خاتمہ سے صنعتی یونٹس یکسوئی سے کام کرسکیں گے،اضافی بجلی کے ٹیرف میں چھوٹی و بڑی صنعتوں کے لئے بالترتیب 50اور 25فیصد کمی پر وزیر اعظم کے مشکور ہیں اوراس پیکج کے لئے گورنر سندھ کی کاوشوں کے معترف ہیں ان اقدامات سے صنعتی پیداوار بڑھانے میں نمایاں مدد ملے گی۔ملاقات میں کورنگی کے صنعتی علاقہ میں گیس اور فراہمی و نکاسی آب اور سڑکوں کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال اوران مسائل کے پائیدار حل کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ کورنگی نہ صرف صوبہ سندھ بلکہ پاکستان کا بھی اہم ترین صنعتی علاقہ ہے یہاں واقع صنعتی یونٹس ملکی برآمدات میں خصوصاً نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔