اسٹاک مارکیٹ، کاروباری سرگرمی میں ملا جلا رجحان، 44 پوائنٹس کا اضافہ

November 12, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں ملک میں کورونا کی وجہ سے ایک بار پھر لاک ڈاون اور دیگر افواہوں کی وجہ سے کاروبار ی سرگرمی محدود رہنے سے مارکیٹ میں ملا جلا رحجان رہا جس کے باعث کے ایس ای100انڈیکس میں 44پوائنٹس کا اضافہ ہوا،سرمایہ کاری مالیت 3ارب 49کروڑ روپے گھٹ گئی اور 61.59فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں کمی ہوئی اور کاروباری حجم بھی 31.37فیصد کم رہا تفصیلات کے مطابق بدھ کو ایک بار پھر لاک ڈاؤن بڑھنے اور سیاسی صورتحال پر پھیلنے والی افواہوں کی وجہ سے کاروباری سرگرمی بہت محدود رہی اورمجموعی طور پر 24کروڑ 42لاکھ 84ہزار شیئرز کا کاروبار ہوا جو گذشتہ روز کی نسبت 11کروڑ 17لاکھ ایک ہزار کم ہے ،کاروباری حجم میں کمی اور چند مخصوص سیکٹرز میں خریداری سے کے ایس ای100انڈیکس 44.27پوائنٹس کے اضافے سے 41197.32پوائنٹس پر بند ہوا ،کے ایس ای 30انڈیکس بھی 59.18پوائنٹس کے اضافے سے 17367.33پوائنٹس ہو گیا جبکہ آل شیئرز انڈیکس محض 2.70پوائنٹس بڑھنے کے بعد 28864.16پوائنٹس رہا ،کاروباری حجم میں کمی سے سرمایہ کاری مالیت 3ارب 49کروڑ 87لاکھ روپے کی کمی سے 7574ارب 60کروڑ 65لاکھ روپے ہو گئی ،مجموعی طور پر مارکیٹ میں 401کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا ،133کے بھاؤمیں اضافہ ،247کے بھاؤمیں کمی اور 21کے بھاؤمستحکم رہے ،کاروباری لین کے لحاظ سے بینک اسلامی ،ٹی جی آر ،کے الیکٹرک ،الشیہر کارپوریشن اور پاور سیمنٹ سر فہرست رہے۔