سی فوڈز برآمدات میں اضافے کیلئے ویلیو ایڈیشن ضروری ہے، عمران اسماعیل

November 12, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل سے پاکستان فشریز ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفدکی ملاقات،گورنر ہاوس میں ہونے والی اس ملاقات میں کورنگی فش ہاربر کے چیئرمین کیپٹن ( ریٹائرڈ) رضوان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں مچھلی اور دیگر سی فوڈ ز کی برآمدات میں اضافے کے اقدامات ، فشریز انڈسٹری کے مسائل اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ سی فوڈز کی برآمدات میں اضافہ کے لئے ویلیو ایڈیشن ضروری ہے ، فشریز کے ایکسپورٹرز ایکوا کلچر کے فروغ کے لئے اقدامات کریں ۔ انہوں نے کہا کہ فشریز سیکٹر کے مسائل کے حل کے لئے وفاقی وزیر تجارت اور بحری امور کے ساتھ جلد اجلاس منعقد کریں گے ۔ ملاقات میں وفد نے گورنرسندھ کو بتایا کہ سی فوڈز کی برآمدات 450 ملین ڈالرز کے قریب ہیں اس میں اضافہ کے لئے مسائل کا حل ضروری ہے۔