لذیز پکوان سے سجائیں دستر خوان

November 13, 2020

…چکن بریڈ کونز…

اجزا :چکن بریسٹ ایک عدد،ڈبل روٹی کے سلائسز دس سے بارہ عدد ،نمک حسب ذائقہ ،تکہ مسالہ ایک کھانے کا چمچہ ،لیموں کا رس ایک کھانے کاچمچہ، انڈے دو عدد ،ڈبل روٹی کا چورا حسب ضرورت ،کوکنگ آئل حسب ضرورت ۔

ترکیب :چکن بریسٹ کو صاف دھو کر اس کے پارچے کاٹ لیں اور انہیں تکہ مسالہ،نمک،لیموں کا رس اور دو کھانے کے چمچے کوکنگ آئل سے میرینیٹ کرکے رکھ دیں۔پھر میرینیٹ کئے ہوئے پارچوں کو فرائنگ پین میں پہلے تیز آنچ پر فرائی کریں پھر ہلکی آنچ کرکے ڈھک کر اتنی دیر رکھیں کہ یہ مکمل گل جائے۔ چولہے سے اتار کر اس کے ریشے کر لیں۔

ڈبل روٹی کے سلائسز کے کنارے کاٹ کر اور سلائسز کو بیلن سے بیل کر چپٹا کر لیں، سلائس کو ہاتھ میں اٹھا کر کون کی طرح فولڈ کر لیں اور ہلکا سا پانی لگاتے ہوئے اچھی طرح چپکا دیں۔پھر اس میں ایک کھانے کا چمچ چکن کا مکسچر ڈال کر اسے کناروں پر پانی لگاتے ہوئے بند کر دیں۔اسی طر ح دوسری کون بھی تیار کریں اور انہیں پھینٹے ہوئے انڈے میں ڈبو ئیں ،پھر ڈبل روٹی کے چورے میں رول کرکے کچھ دیر کے لیے فریج میں رکھ دیں ۔تھوڑی دیر گرم تیل میں ان بریڈ کونز کو سنہری فرائی کرلیں ۔

…ایرانی خاص چکن …

اجزا:چکن ایک کلو،نمک حسب ذائقہ ،ادرک لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ، پیاز تلی ہوئی آدھی پیالی ،پسی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچہ ،دہی ایک پیا لی ، فریش کریم آدھی پیا لی بادام دس سے بارہ عدد،چھوٹی الائچی تین سے چار عدد،لیموں کا رس دو کھانے کے چمچے،کیو ڑہ ایسنس چند قطرے کوکنگ آئل آدھی پیالی۔

ترکیب :چکن کو صاف دھو کر رکھ لیں،بادام اورا لائچی کو گرا ئنڈر میں باریک پیس لیں ۔فرائی پین میں تیل گر م کریں اور اس میں ادرک لہسن اور چکن ڈال کر تیز آنچ پر اتنی دیر فرائی کریں کہ چکن سنہری ہو جائے ۔پھر اس میں نمک، لال مرچ، پھینٹی ہوئی دہی ،تلی ہو ئی پیاز اور پسے ہوئے بادام ڈال کر درمیانی آنچ پر دس سے پندرہ منٹ تک پکائیں ۔

آخر میں فریش کریم ،کیوڑہ ،لیموں کا رس اور پسی ہوئی الائچی ڈال کر ہلکی آنچ پر پانچ سے سات منٹ دم پر رکھ دیں۔گرم گرم نان کے ساتھ نوش کریں۔