ٹیکنالوجی کی ترقی سے تعمیرات میں نئے رجحانات

November 15, 2020

ٹیکنالوجی کے باعث تعمیراتی صنعت میں ایک انقلاب برپا ہے۔ اس صنعت میں متعارف ہونے والی نت نئی ٹیکنالوجیز اسے نئی جہتیں بخش رہی ہیں، جس کے باعث تعمیراتی صنعت کے لیے مستقبل کی بڑھتی ضروریات کوپورا کرنا اب زیادہ مشکل طلب کام نہیں رہا۔ ٹیکنالوجی کے باعث، پائیدار اور دیرپا تعمیرات کا انسانی خواب پورا ہوتا نظر آرہا ہے۔ آئیے تعمیراتی صنعت میں متعارف کروائے جانے والے کچھ ٹیکنالوجیکل رجحانات کا جائزہ لیتے ہیں، جو اس صنعت کےمستقبل کا تعین کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

خودکار کنکریٹ

تعمیراتی شعبے میں استعمال ہونے والے عناصر میں کنکریٹ ایک اہم جزوہے، تاہم وقت کے ساتھ دیگر چیزوں کے طرح اس کی شکل بھی بگڑ جاتی ہے۔ جیسے جیسے وقت گزرتا ہے کنکریٹ میں استعمال ہونے والا مٹیریل ٹوٹنے لگتا ہے اور یہ کمزور پڑجاتا ہے۔ امریکا سمیت دنیا کی کئی یونیورسٹیوں میں ہونے والی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ کنکریٹ کی تیاری کے وقت اس کے مٹیریل میں ایک خاص قسم کا فنگس شامل کرنے سے اس کی زندگی میں ڈرامائی انداز میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ ہرچند کہ اس تحقیق پر ابھی کام جاری ہے، تاہم ایک دن ایسا ضرور آئے گا جب ایسا کنکریٹ تیار کرلیا جائے گا، جو اپنے نقائص ایک خودکار نظام کے تحت دُرست کرنے کی صلاحیت کا حامل ہوگا۔

ایروجیل انسولیشن

جب ہم جیل(Gel)کی بات کرتے ہیں تو ہمارے ذہنوں میں ایک ’مائع نما‘ چیز کا تصور اُبھرتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ایروجیل تیار کرنے کے لیے اس میں سے پانی کے عنصر کو مکمل طور پر نکال دیا جاتا ہے اور اس کے بعد جو سیلیکا (Silica)نما چیز بچ جاتی ہے وہ 99فی صد ہوا ہوتی ہے۔ ایروجیل کی حیران کن خصوصیات کے باعث، اب اس امکان کا جائزہ لیا جارہا ہے کہ اس کے فوائد سے تعمیراتی صنعت کس طرح مستفید ہوسکتی ہے۔ ایک سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ ایروجیل بہترین انسولیشن مٹیریل ہے۔

ایروجیل کے ذریعے عمارتوں کی بہترانسولیشن سے توانائی کی قابلِ ذکربچت کی جاسکتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ کمرے کو ہیٹنگ کے ذریعے گرم یا ایئرکنڈیشننگ کے ذریعے ٹھنڈا کرنے کے بعد مطلوبہ درجہ حرارت زیادہ دیر تک کے لیے برقرار رکھا جاسکے گا۔ ایروجیل مکمل طور پر ماحول دوست ہے کیوں کہ اسے ری سائیکل کیا جاسکتا ہے۔ خوش قسمتی سے اس کا استعمال بھی انتہائی آسان ہے۔

رنگ بدلنے والی چھتیں

تعمیرات کی صنعت میں تھرموکرومک (Thermochromic)مٹیریل کا استعمال کوئی نیا نہیں ہے۔ ٹائلوں اور چھتوں کے پینلز میں اس کا استعمال عام ہے۔ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث، ماحول دوست تعمیرات کا تصور اب پہلے سے زیادہ اُبھر کر سامنے آرہا ہے اور یہی بات تعمیرات میں تھرموکرومک مٹیریل کے بڑھتے استعمال کی وجہ بن رہی ہے۔ میساچوسسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے سائنسدانوںنےایک ایسا ’اسمارٹ روفنگ‘ مٹیریل تیار کیا ہے، جو عمارت کے ’ایکو ڈیزائن‘ کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے ماحول کے درجہ حرارت کو محسوس کرسکتا ہے۔

ماحول میں موجود درجہ حرارت کو محسوس کرنے والا یہ مٹیریل کئی تہوں پرمشتمل ہے، جو اسے تھرموکرومک بناتا ہے۔ تھرموکرومک ایک ایسے مٹیریل کو کہا جاتا ہے کہ جب اس کا واسطہ گرمی سے پڑتا ہے تو اس کا رنگ ’کالے‘ سے ’سفید‘ میں بدل جاتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ دن کے اوقات میں جب سورج کی تپش عروج پر ہوتی ہے، چھت میں استعمال کیے گئے تھرموکرومک مٹیریل سے تیار کردہ کالے رنگ کے ٹائل کا رنگ سفید ہوجائے گا۔

سفید رنگ سے ٹکرانے کے بعد سورج کی 80فی صد دھوپ واپس مڑ جاتی ہے، جس کے باعث چھت کے نیچے والی عمارت نسبتاً ٹھنڈی رہتی ہے۔سائنسدانوں کا تخمینہ ہے کہ اس سے، گرمیوں میں درجہ حرارت کو آرام دہ سطح پر رکھنے کے لیے توانائی کی کھپت میں 20فی صد بچت کی جاسکے گی۔

ٹیکنالوجیکل آلات

ہرچند کہ تعمیرات کا شمار ان صنعتوں میں ہوتا ہے، جو ٹیکنالوجی کو گلے لگانے میں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ تاہم دیر آید درست آیدکے مانند، اب اس صنعت کو ٹیکنالوجی کے فوائد کا احساس ہوچکا ہے اور آن سائٹ ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھ رہا ہے۔

تعمیرات کی صنعت میں اسمارٹ ویسٹس(Smart Vests) اور ہیلمٹس کے استعمال کا تصور ابھی نیا ہے، تاہم تعمیراتی شعبہ سے وابستہ ماہرین اب تسلیم کررہے ہیں کہ متذکرہ بالا اور اس جیسے دیگر آلات کا استعمال پیداواری صلاحیت، کارکردگی (Efficiency) اور تاثیریت (Effectiveness) بڑھاتا ہے۔ مثلاً، اسمارٹ ہیلمٹ لوگوں کو مشین کے ساتھ جوڑ دیتا ہے، جس کے ذریعے کام پر پیش رفت کا ریئل ٹائم ڈیٹا (مواد) حاصل کیا جاسکتا ہے۔

پیش گوئی کرنے والاپروگرام

اکثر ایک کامیاب اور ناکام کمپنی میں یہی فرق پایا جاتا ہے کہ وہ خطرات یعنی رِسک کے لیے خود کو کس طرح تیار کرتی ہے۔ پیش گوئی کرنے والے پروگرام(Predictive Analytics)کی تیاری کا مقصد اسی رِسک مینجمنٹ کو آسان بنانا ہے۔

یہ پروگرام (سوفٹ ویئر) سب کنٹریکٹرز، سپلائرز، ڈیزائن پلان اور سائٹ سےموصول ہونے والے ڈیٹا کا تجزیہ کرکے مستقبل میں پروجیکٹ کے تعمیراتی عمل کے دوران ممکنہ طور پر پیش آنے والے خطرات سے آگاہی دیتا ہے۔