اسٹارٹر اسنیکس کیلئے

November 22, 2020

عام طور پر ریسٹورنٹ، ہوٹلز وغیرہ میں لنچ یا ڈنر کے لیے جائیں، تو کھانا کھانے سے قبل اسٹارٹرز سے تواضع کی جاتی ہے۔اب یہ رواج گھروں میں منعقد ہونے والی دعوتوں میں بھی عام ہوچُکا ہے، تو لیجیے، اس اتوار اہلِ خانہ کے ساتھ پُرتکلف عشائیے سے قبل ہلکے پھلکے اسنیکس سے لُطف اندوز ہونے کے لیے بھی تراکیب حاضر ہیں۔

بینگن چپس

اجزاء:بینگن(گول والے )آدھا کلو، کارن فلور ایک کپ، چاٹ مسالا ایک کھانے کا چمچ، قصوری میتھی ایک کھانے کا چمچ، املی کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ، نمک حسب ذائقہ اور تیل دو کپ۔

ترکیب:پہلے ایک باؤل میں ٹھنڈا پانی لے کر اس میں بینگن کے گول سلائس کاٹ کر ڈال دیں۔ اب دوسرے باؤل میں تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح مِکس کرکے رکھ دیں۔ پھر بینگن کے سلائسز پانی سے نکال کر خشک کریں اور تیار کیے ہوئے مسالے میں مِکس کردیں۔ تیل کڑکڑا کر سلائسز فرائی کریں اور کرسِپی ہونے پر نکال لیں۔کیچپ کے ساتھ گرما گرم سرو کریں۔

قیمہ پیسٹری

اجزاء:پف پیسٹری آدھا کلو،گائے کا قیمہ آدھا کلو، پیاز (باریک کاٹ لیں) ایک عدد، شملہ مرچ (باریک کاٹ لیں) ایک عدد، ٹماٹر (باریک کاٹ کر ہلکے سے اُبال لیں) دو عدد، ثابت گول لال مرچ تین سے چار عدد،سیاہ مرچ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، ثابت سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ، کشمش حسبِ ضرورت،نمک حسبِ ذائقہ،انڈے(پھینٹ لیں)دو عدداور تیل دو کھانے کے چمچ۔

ترکیب:پہلے کڑاہی میں تیل کڑکڑا کر اس میںقیمہ، پیاز، شملہ مرچ اور ٹماٹر ڈال کر خُوب اچھی طرح بھون لیں۔ جب مسالا یک جان ہوجائے تو اس میں دیگر اجزاء ڈال کر تھوڑا سا بھون کر چولھا بندکردیں۔ اب پف پیسٹری کو بیل کر تقریباً چار سے پانچ انچ کے اسکوائر کاٹ لیں۔ پھر ان کے درمیان قیمہ رکھ کے اس کے کنارے انڈے سے برش کرکے بند کردیں۔ جب تمام پیسز تیار ہوجائیں تو آخر میں فرائی کرلیں۔

کرسِپی فرائیڈ رنگز

اجزاء:میدہ ایک کپ،گول پیاز دو عدد، موزریلا چیز سلائس تین عدد، کالی مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ،انڈے تین عدد،نمک حسبِ ذائقہ،بریڈ کرمبز ڈیڑھ کپ اور تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب:پیاز کو رِنگز میں کاٹ لیں۔ اب ایک برتن میں میدہ، نمک اور کالی مرچ پاؤڈر ڈال کر قدرے گاڑھا گھول لیں۔پھر موزریلا چیز سلائس لمبائی کے رُخ کاٹ کر پیاز کے دو رنگز کے درمیان بَھریں۔بعد ازاں، پیاز کے رِنگز پہلے میدے، پھر انڈے اور آخر میں بریڈ کرمبز میں ڈبو کر ایک بار پھریہی ترتیب دہرالیں۔ اب تیل گرم کرکے رنگز گولڈن براؤن ہونے تک ڈیپ فرائی کرلیں ۔ (اقرا احمد، نواب شاہ)