امریکا:مسافر طیارے نے ریچھ کو کچل دیا

November 18, 2020

امریکی ہوائی اڈے پر بھورا ریچھ مسافر طیارے کی زد میں آکر کچل گیا جبکہ ریچھ کا بچہ زخمی ہوگیا۔

یہ حادثہ امریکی ریاست الاسکا کے یاقوتا ایئرپورٹ پر پیش آیا، جس کے نتیجے میں بھورا ریچھ موت کی نیند سوگیا۔

ایئرپورٹ عملے نے بوئنگ 737-700 کی لینڈنگ سے قبل رن وے کو کلیئر قرار دیا تھا تاہم دس منٹ بعد جب طیارہ رن وے پر لینڈ کرنے لگا تو ایک ریچھ اور اس کا بچہ رن وے پر موجود تھے۔

بوئنگ طیارے سے ٹکرانے کے باعث ریچھ تو مارا گیا اور اس کا بچہ زخمی ہوا تاہم جہاز میں سوار مسافروں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا البتہ طیارے کے دائیں انجن کے کور کو نقصان پہنچاہے۔

الاسکا ایئر لائن کا کہنا ہے کہ ہمارے ٹیکنیشن جہاز کی مرمت کر رہے ہیں جسے مکمل ہونے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔