ریمڈیسویر دوا کورونا مریض کو مت دیں، ڈبلیو ایچ او کا انتباہ

November 21, 2020

کراچی (جنگ نیوز) عالمی ادارہء صحت نے واضح کیا ہے کہ معالجین ریمڈیسویر دوا کورونا وائرس کے مریض کو مت دیں۔ ماہرین کے مطابق اس دوا کا کورونا میں مبتلا مریضوں پر کوئی واضح اثر نہیں ہو رہا۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ساتھ وابستہ بین الاقوامی ماہرین نے دنیا بھر کے معالجین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ریمڈیسویر نامی دوا کو کورونا وائرس سے علیل ہونے والے افراد کو دینے سے گریز کریں خواہ وہ کتنا ہی بیمار کیوں نہ ہو۔ کووڈ انیس بیماری کے مریضوں کو اس دوا سے کوئی بہتری میسر نہیں ہو رہی لہذا انہیں کسی بھی صورت میں یہ دوا نہ دی جائے۔ یہ ہدایات عالمی ادارہٴ صحت کے شعبے گائیڈ لائن ڈیویلپمنٹ گروپ (GDG) یا جی ڈی جی کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔ اس دوا کو ترک کرنے کی ہدایت مریضوں پر اس دوا کے عدم اثرات کے تناظر میں دی گئی ہے۔ جی ڈی جی کے پینل نے کہا ہے کہ ریمڈیسویر ابھی تک کورونا وائرس کی نئی قسم سے پھیلنے والی بیماری کووڈ انیس کے مریضوں کے لیے بے فائدہ رہی ہے۔ اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دوا کے مثبت اثرات کی شہادتیں بھی نہ ہونے کے برابر ہیں کیونکہ ریمڈیسویر کھانے والے مریضوں کی بحالی بھی بہت ہی معمولی ہے اور نہ ہی یہ دوا بیماروں کو موت کے منہ میں جانے سے روکنے میں کارگر ثابت ہوئی ہے۔