امریکا کو ملکی راز بیچنے پر روسی وزارت دفاع کے سابق ملازم کو 13سال قید

November 21, 2020

ماسکو(جنگ نیوز )روس میں وزارت دفاع کے ایک سابق ملازم کو اسلحے کی خریداری سے متعقل اہم دستاویز امریکا کی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کو مہنگے داموں فروخت کرنے پر 13 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس کی فیڈرل سیکیورٹی سروس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یوری ایسکینکو نامی وزارت دفاع کے سابق ملازم کو 13 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سابق ملازم نے 2015 سے 2017 کے درمیان اسلحے کی خرید و فروخت سے متعلق ایک اہم دستاویز کی نقل کر کے امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کو رقم کے عوض فراہم کی تھی۔جولائی 2019 میں یورے ایسکینکو نے پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیے جانے کے بعد دوبارہ سی آئی اے کے ایک آفیسر سے رابطہ کیا تھا جس پر اسے دوبارہ گرفتار کرلیا گیا تھا۔دوران تفتیش ملزم نے اقبال جرم کرلیا جس پر روس کے کریمنل کوڈ 275 کے تحت مقامی عدالت نے ملکی راز فروخت کرنے کے الزام میں ملزم کو 13 سال قید کی سزا سنائی ہے۔