بچوں کے باتھ روم کی ڈیزائننگ

November 22, 2020

مکان کی تعمیر کے دوران مختلف کمرے جیسے کہ بیڈ روم، ڈائننگ روم، ڈرائنگ روم، ٹی وی لاؤنج وغیرہ بنوائے جاتے ہیں جبکہ ہر بیڈ روم کے ساتھ باتھ روم بھی تعمیر کروایا جاتا ہے۔ عام طور پر جب بچے بڑے ہونے لگتے ہیںتو ان کا کمرہ بھی الگ کردیا جاتا ہے۔ جس طرح بڑوں کے کمروں کی تعمیر و آرائش بچوں کے کمروں سے قدرے مختلف ہوتی ہے، اسی طرح بچوں کے کمرے اور باتھ روم کا ڈیزائن ، رنگوں کا امتزاج ،فرش اور سینیٹری کا سامان بھی قدرے مختلف ہوتا ہے۔

بچوں کا کمرہ خوبصورتی سے سجانے کے لیے تو والدین کافی پرجوش ہوتے ہیں۔ دور جدید کی آسائشوں اور سہولتوں کی فراہمی کے باعث بچوں کے کمرے کی آرائش اور تعمیر سے قبل کئی کئی دن سوچ بچار کی جاتی ہے، جس کے بعد ڈیزائن کو حتمی شکل دی جاتی ہے۔ لیکن عام طور پر باتھ روم کے ڈیزائن پر خاص توجہ نہیں دی جاتی۔ یہ عام طور پر سادہ اور نفیس رکھے جاتے ہیں جو کہ بعض اوقات بچوں کے کمرے سے علیحدہ کسی جگہ کامنظر پیش کرتے ہیں۔

بچوں کا باتھ روم ڈیزائن ان کے کمروں کی طرح خوبصورت رنگوں سے مزین، اسٹائلش اور پر لطف ہونا چاہیے تاکہ یہ بچوں کی دلچسپی کا باعث بن سکے۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ قارئین کی رہنمائی کرتے ہوئے انھیںجدید رحجانات سے متعارف کروائیں۔ اسی سلسلے میںآج ہم بچوں کے باتھ روم سے متعلق آپ کو چند مفید مشورے فراہم کررہے ہیں، جو دوران تعمیر آپ کے لیے مفید ثابت ہوں گے۔

حفاظتی اقدامات

بچوںکی حفاظت کے پیش نظر باتھ روم کی تعمیر میں سب سے پہلے اس بات کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ تعمیراتی اصول نظر انداز نہ ہوں اور وہاںرکھا جانے والا صفائی کا سامان بچوںکی پہنچ سے دور ہو۔ اس کے علاوہ بچوں کے باتھ روم میں لگائے جانے والے باتھ ٹب اور واش بیسن کی اونچائی اتنی ہونی چاہیے کہ بچے آسانی سے انہیںاستعمال کرسکیں۔ واش بیسن کی زیادہ اونچائی بچوں کے لیے خطرناک بھی ہوسکتی ہے۔ اگر آپ بچوں کی سہولت کے لیے اسٹول کا انتخاب کریں تو اسے مضبوط اور پائیدار ہونا چاہیے۔

فرش

ایک جدید اور نئے رجحان کے حامل باتھ روم میں ٹھوس یا آرٹیفشل ٹائلز استعمال کیے جاتے ہیں جبکہ چینی مٹّی بھی ایک اچھا انتخاب ہے۔ دیواروں کے لئے ٹائلز اور پینٹ کا امتزاج آپ کو مختلف رنگوں کے ساتھ تجربہ کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ ٹائلیں صفائی میں آسان اور واٹر پروف ہوتی ہیں۔ لہٰذا، بچوں کے باتھ روم میں فرش کے لیے ٹائلز کا انتخاب کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیںکہ ان پر چلنا آسان ہو اور وہ پھسلنے کا سبب ہر گز نہ بنیں۔ عام طور پر باتھ روم میںفلورنگ رگ کا استعمال بھی کیا جاتا ہے۔

شوخ روشنیاں

کسی چھوٹی جگہ کو بڑا دکھانے میں روشنی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ چونکہ بچوں کے باتھ روم کی ڈیزائننگ میںعام طور سے گہرے رنگوں کےامتزاج کو ترجیح دی جاتی ہے، اس لیےوہاں روشنیوں کا استعمال بہترین ہونا چاہیے۔ آجکل بازار میںطرح طرح کی روشنیاںدستیاب ہیں جو باتھ روم کو روشن کرنے کے ساتھ کشادگی کا تاثر بھی پیش کرتی ہیں۔ آپ بچوں کے باتھ روم کے ڈیزائن کے حساب سے منفرد روشنیوں کا انتخاب کریں۔

وال پیپر

بچے ہمیشہ رنگوں میں بہت کشش محسوس کرتے اور انہیں کافی پسند کرتے ہیں۔ آپ اپنے بچے کے باتھ روم کی دیوار کو مختلف وال پیپر یا پینٹ کی مدد سے رنگین بنا سکتے ہیں۔ ان دیواروں پر آپ اپنے بچے کے پسندیدہ کارٹون کی تصاویر والا وال پیپر بھی لگا سکتے ہیں۔ آپ کا بچہ بیدار ہونے کے بعد یقیناً اپنے پسندیدہ کارٹون یا پھر پھولوں اور درخت والی تصاویر دیکھ کر خود کو تروتازہ محسوس کرے گا۔

اس کے علاوہ بچوں کے باتھ روم کی دیواروں کے لیے ہلکے رنگ منتخب کرنے کے بجائے ہلکے اور گہرے رنگوں کے امتزاج کا انتخاب کریں۔ مثلاًہلکا اور تیز ہرا یا نیلا اور آسمانی کلر اسکیم منتخب کرنے کے لیے بچوں کی کہانیوںکی کتابوں اور کارٹون آئیڈیازکو مدنظر رکھیں، جیسے جیک اینڈ جل پوئم اسٹائل کے طور باتھ روم کے لیے ٹرکوائز (زردی مائل سبز )اور اورنج کلرتھیم کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔

کیبنٹس

بچوں کے باتھ روم میں مختلف سامان رکھنے کے لیے کیبنٹس بنوانا ہرگز نہ بھولیں۔ بچوں کے باتھ روم میں جگہ کی دستیابی کو دیکھتے ہوئےکیبنٹس بنوائیں۔ معیاری لکڑی کی کیبنٹس گہرے رنگوں میں تیار کروائی جاسکتی ہے۔ اگر باتھ روم کافی کشادہ ہے تو اس میں بچوں کے کپڑے اور دیگر سامان رکھنے کے لیے الماری بھی بنوائی جاسکتی ہے۔

باتھ روم کے لوازمات

باتھ روم میں تولیا رکھنے کا ریک اور ٹوتھ برش ہولڈر وغیرہ بچوں کی پسند کے مطابق ہونا چاہیے۔ مثلاً بچوں کا باتھ ٹب ،ٹوتھ برش یا ریک جانوروں یا کارٹون کی شکل والا منتخب کیا جاسکتا ہے، جو بچوں کے لیے دلچسپی کا باعث بنے گا۔ کچھ بچے نہانے یا ٹوتھ برش کرنے میںوالدین کو تنگ کرتے ہیں لیکن اپنی پسند کے باتھ روم میں یقیناً وہ کچھ وقت گزار لیںگے۔