جیمز بانڈ تھیم پر بنایا گیا محل نما گھر

November 22, 2020

آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے ہالی ووڈ اداکار او رجیمز بانڈ سیریز کی کئی فلموں (گولڈن آئی، ٹومارو نیور ڈائیز، ڈائی اَین اَدھر ڈے، ورلڈ اِز ناٹ اِنف) میں مرکزی کردار ادا کرنے والے پیئرس بروسنن نے کیلی فورنیا، مالیبو میں واقع اپنا شاندار محل نما گھر فروخت کے لیے پیش کردیا ہے۔ جیمز بانڈ تھیم سے متاثر ہوکر تعمیر کیا گیا یہ گھر 100ملین امریکی ڈالر میں فروخت کے لیے دستیاب ہے۔ پیئرس بروسنن نے یہ گھر فروخت کرنے کا فیصلہ اس لیے کیا ہے کیونکہ ان کے دونوں بیٹے بڑے ہونے کے بعد اپنے اپنے گھروں میں منتقل ہوگئے ہیں جبکہ جیمز بانڈ اداکار خود اپنی شریکِ حیات کے ساتھ زیادہ وقت ہوائی میں گزارتے ہیں۔

پیئرس بروسنن جس وقت اپنی جیمز بانڈ سیریز کی چوتھی فلم ’’ڈائی اَین اَدھر ڈے‘‘ کی کامیابی سے لطف اندوز ہورہے تھے، انھوں نے اپنی شریکِ حیات کیلی بروسنن (جو خود بھی ایک فلم ساز ہیں) سے کہا، ’’جاؤ اپنے خوابوں کا گھر بناؤ‘‘۔ پیئرس بروسنن اس حوالےسے پس منظر بتاتے ہوئے کہتے ہیں، ’’میں اس وقت اپنے پُرانے گھر کے باورچی خانہ میں مصروف تھا، جب فلم کے پروڈیوسر نے ٹیلی فون پرمجھے اس فلم کی شاندار کامیابی کی مبارکباد دی، اس مبارکباد کا ایک مطلب یہ بھی تھا کہ ایک بھاری بھر کم بونس میرے بینک کھاتے میں منتقل ہونے والا تھا‘‘۔ اور اس طرح مالیبو کے ساحلِ سمندر پر ا س شاندار گھر کا نقشہ اُبھرنا شروع ہوا۔

پُرانے گھر کو زمین بوس کرنے کے بعد، 2000ء میں انھوں نے اس سے سے ملحقہ مزید دو پلاٹ بالترتیب 5.1ملین ڈالر اور 2.25ملین ڈالر میں خریدے۔ اس طرح 12ہزار500مربع فٹ پر مشتمل نیا شاندار گھر تعمیر کیا گیا، اس کا مجموعی رقبہ ایک ایکڑ سے زیادہ ہے۔ چونکہ متذکرہ بالا جیمز بانڈ سیریز کی فلم کی زیادہ تر شوٹنگ جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک میں ہوئی تھی، اس لیے اس گھر کی تعمیر اور اس کے ڈیزائن میں اس خطے کی جمالیات نظر آتی ہیں اور اس کی تھیم اس گھر سے متاثر ہے، جس میں جیمز بانڈ کو ’’ڈائی اَین اَدھر ڈے‘‘ میں رہتےہوئے دِکھایا گیا ہے۔ ساحلِ سمندر کے قریب موجود یہ گھر 9بیڈ رومز اور 5اضافی باتھ رومز پر مشتمل ہے۔ ایک آؤٹ ڈور سوئمنگ پول، گیسٹ کیبن، پرائیویٹ اِسپا، سوانا، جِم اور لائبریری بھی اس گھر کا حصہ ہیں۔ ساحلِ سمندر کے مکمل نظارے کے علاوہ، یہ گھر پہاڑی سلسلے کے درمیان واقع ہے۔

10سال کے عرصے میں تعمیر ہونے والا یہ ’خوابوں کا گھر‘ انتہائی ماحول دوست ہے۔ اس میں نصب سولر سسٹم ناصرف گھر کی بجلی اور اسے گرم رکھنے کی ضروریات پوری کرتا ہے بلکہ اس سے پیدا ہونے والی اضافی بجلی مقامی گِرڈ کو بھی باقاعدگی سے فروخت کی جاتی ہے۔ گھر میں ویسٹ ڈسپوزل سسٹم کے ساتھ خاص طور پر پانی کو ری سائیکل کرنے کا پلانٹ بھی نصب ہے۔ بجلی کی ساری تنصیبات کم توانائی خرچ کرنے والی کی گئی ہیں۔ ٹوائلٹس میں پانی کی بچت کے لیے کم پانی استعمال کرنے والے Low-flowٹوائلٹس کی تنصیب کی گئی ہے۔ اس کی تعمیر میں بڑے پیمانے پر ’’ری سائیکلڈ‘‘ قدرتی لکڑی کا بھی استعمال کیا گیا ہے۔ غرضیکہ، گھر کو ہرممکن حد تک ماحول دوست بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

گھر کی تعمیر میں سمندری نظاروں کے لیے بڑی بڑی کھڑکیوں اور دروازوں کو نصب کیا گیا ہے۔ گراؤنڈ فلور پر 2بیڈ رومز ہیں لیکن پہلی منزل پر 4ہزار مربع فٹ پر محیط وسیع بیڈ روم دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔ یہ بیڈ روم ساتھ میں 2باتھ روم، 2آتش دان، پرائیویٹ ڈیک اور ایک بڑے سِٹنگ ایریا پر مشتمل ہے۔ یہاں ایک پرائیویٹ آفس اور ایک اضافی گیسٹ روم بھی بنایا گیا ہے۔ ماسٹر بیڈ روم کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں سے ناصرف ساحلِ سمندر بلکہ پس منظر میں موجود پہاڑی سلسلے کا بھی واضح نظارہ کیا جاسکتا ہے۔

یہاں ایک ساؤنڈ پروف مووی تھیٹر بھی تعمیر کیا گیاہے اور ساتھ میں ایک جِم، میوزک روم، اِسپا اور 2 ٹب بوٹس کا کام دیتے ہیں۔

بیرونی حصہ ساحلِ سمندر پر مشتمل ہے لیکن یہاں آبشاروں کے ساتھ سوئمنگ پول اور دو آؤٹ ڈور ڈائننگ ایریاز موجود ہیں، جنھیں شیشے سے تعمیر کیا گیاہے۔ قریب میں ہی دو منزلہ گیسٹ ہاؤس تعمیر کیا گیا ہے، تاکہ آنے والے معزز مہمان اوپر جاکر سمندر کا سہی سے نظارہ کرسکیں۔ گراؤنڈ فلور پر دو گاڑیاں کھڑی کرنے کے لیے گیراج بھی موجود ہے، جسےاس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ مستقبل میں گاڑیوں کی ضروریات بڑھنے کی صورت میں اسے توسیع دی جاسکتی ہے۔

مزید برآں، پام کے درخت، ہیبسکس کے رنگ دار پھول اور دیگر کئی موسمی پھول اور پودے گھر کی فطری خوبصورتی کو مزید بڑھا دیتے ہیں۔ اس گھر کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ میل گبسن، اسٹیون اسپیل برگ اور گولڈی ہاک یہاں پڑوس میں ہی رہتے ہیں۔

مالیبو کی ریئل اسٹیٹ مارکیٹ پر نظر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ بروسنن جوڑے کو اس گھر کے 100ملین ڈالر بآسانی ملنے کا امکان ہے، کیونکہ گزشتہ سال واٹس ایپ کے بانی جین کوم نے اسی علاقے میں 14ہزار مربع فٹ پر محیط ایک گھر اس سے زائد مالیت میں خریدا ہے۔