تعمیراتی صنعت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی

November 22, 2020

گزشتہ عشرے میں ڈیجیٹل ترقی نے تمام صنعتوں کو بدل کر رکھ دیا ہے۔ اس کے نتیجے میں ٹیکنالوجی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے، جسے چوتھا صنعتی انقلاب کہا جاتا ہے۔ میڈیا اور انٹرٹینمنٹ کی صنعت میں بھی کافی تبدیلیاںرونما ہوچکی ہیں۔ ای کامرس کے بڑے اداروں ایمزون اور علی بابا نے اینٹ اور پتھر سے بنے ریٹیلرز کو ماضی کا قصہ بنا دیا ہے۔

اسی طرح ڈیجیٹل موبلٹی کمپنیاں، آٹو مینوفیکچررز کو چیلنج کررہی ہیں۔ نئی ٹیکنالوجیز بہتر تفریح، بہتر خریداری اور بہتر آمدورفت کے لیے صارفین کی ضروریات کو پورا کررہی ہیں بلکہ اختراع اور جدت نے ان کمپنیوں کی پیداواری صلاحیت اور پائیداری کو بھی بڑھا دیا ہے۔ ساتھ ہی جدید دور کا مقابلہ کرنے کے لیے نئی ٹیکنالوجیز ہنر اور صلاحیت کو بھی نئے معنی دے رہی ہیں۔

البتہ، اس عرصے میں تعمیراتی صنعت زیادہ تر اسی طرح کام کررہی ہے، جس طرح اس صنعت میں 50برس پہلے کام ہوتا تھا۔ تعمیراتی صنعت میں مزدور اب بھی ہاتھوں سے محنت مشقت کرتے نظر آتے ہیں۔ یہ صنعت میکینکل ٹیکنالوجی اور عرصہ دراز سے آزمودہ کاروباری اصولوں کے مطابق کام کررہی ہے۔ نتیجتاً، پیداواری صلاحیت ایک جگہ ٹھہر گئی ہے۔

تاہم، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی نے حالیہ دور میں تعمیراتی صنعت میں اپنے قدم مضبوط کرنا شروع کردیے ہیں۔ انفرااسٹرکچر، ریئل اسٹیٹ اور دیگر تعمیراتی اثاثہ جات کو کس طرح ڈیزائن، تعمیراور آپریٹ کیا جاتا ہے، اس میں بتدریج تبدیلی آنا شروع ہوگئی ہے۔ تعمیراتی صنعت میں متعارف ہونے والی نئی ٹیکنالوجی میں بلڈنگ انفارمیشن ماڈل(BIM)، پری فیبریکیشن، وائرلیس سینسرز، 3Dپرنٹنگ، آٹومیٹڈ اور روبوٹک آلات شامل ہیں، جو تعمیرات کی صنعت پر اثرانداز ہورہے ہیں۔ عالمی معیشت میں 6فیصد حصہ رکھنے کے باعث، اس صنعت میں متعارف ہونے والی ٹیکنالوجی کے معاشی اور سماجی اثرات نمایاں اور دور رس ہونگے۔

ورلڈ اکنامک فورم کے اندازےکے مطابق تعمیراتی صنعت میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے پوری طرح متعارف ہونے سےصرف ایک عشرے کے اندر لاگت میں 12سے 20فیصد بچت کی جاسکتی ہے، جس سے عالمی معیشت کو ایک ٹریلین ڈالرسے 1.7ٹریلین ڈالر کی بچت ہوسکتی ہے۔ عالمی سطح پر ظہور پذیر ہونے والے نئے رجحانات بھی تعمیراتی صنعت کو تبدیل ہونے پر مجبور کرسکتے ہیں۔ عالمی درجہ حرارت میں اضافہ، تیزی سے ختم ہوتے وسائل،باصلاحیت افرادی قوت کی طلب و رسد میں فرق اور تیزی سے شہری آبادی میں اضافہ (روزانہ عالمی سطح پر تقریباً 2لاکھ لوگ گاؤں دیہات کی زندگی چھوڑ کر شہروں میں آباد ہورہے ہیں)، یہ وہ چند رجحانات ہیں جن پر تعمیراتی صنعت کو غور کرنے کی ضرورت ہے۔

ورلڈ اکنامک فورم کی ایک رپورٹ میں نئے عوامل کی بنیاد پر تین ممکنہ نتائج اخذ کیے گئے۔ تعمیراتی صنعت کے مستقبل میں، ان تین میں سے ممکنہ طور پر کم از کم ایک عمل کارفرما رہ سکتا ہے۔ مستقبل کی دنیا میں تعمیراتی صنعت کے موجودہ کاروباری طریقۂ کار، لائحہ عمل اور صلاحیتیں کارگر نہیں رہیں گی۔ ممکنہ تغیر(Disruption)کے پیشِ نظر، اس صنعت کے کسی بھی شعبے سے وابستہ شراکت داروں کو خود کو تیار کرنا ہوگا۔

اس سلسلے میں 2018ء کی ڈیووس میں ہونے والی ورلڈ اکنامک فورم کانفرنس میں تعمیراتی صنعت سے وابستہ 74فیصد چیف ایگزیکٹو آفیسرز نے نئے باصلاحیت لوگوں کو اس صنعت میں لانے اور موجودہ ورک فورس کے ہنر کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کو اپنی ترجیحات میں سرِفہرست بتایا تھا۔65سی ای اوزکے مطابق، متنوع وسائل کو ایک جگہ اکٹھا یا ضم کرنا اور ویلیو چین میں شراکت پیدا کرنا سب سے اہم ہوگا جبکہ 61فیصد سی ای اوز سمجھتے تھے کہ جدید ٹیکنالوجی کو بڑے پیمانے پر اختیار کرنا سب سے اہم اور ناگزیر عمل ہوگا۔

تعمیراتی صنعت سے وابستہ فیصلہ سازوں کو مستقبل کے منظرنامے میں آنے والے تغیر کے پیشِ نظر اپنی آنکھیںکھلی رکھنی چاہئیں۔ انھیں، ایک خوشحال مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے ، اُوپر تحریر کردہ عوامل پر عملدرآمد کے لیے تیار رہنا ہوگا، جس سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ، سماجی ترقی اور ماحولیاتی ذمہ داری کو فروغ ملے گا۔

عالمی رجحانات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ڈیووس کانفرنس میں ورلڈ اکنامک فورم اور تعمیراتی صنعت سے وابستہ دنیا کی 30بڑی کمپنیوں نے کئی منظرنامے تیار کیے۔ تمام منظرناموں میں جو ایک چیز مشترک تھی، وہ یہ کہ مستقبل میں کامیابی کے لیے موجودہ استعداد، کاروباری طریقۂ کار اور لائحہ عمل، کارگر ثابت نہیں ہوگا۔ ان منظرناموں میں کئی ایسے اقدام بھی تجویز کیے گئے، جو اس صنعت سے وابستہ سی ای اوز کو لینے چاہئیں تاکہ وہ مستقبل میں مؤثر ثابت ہوسکیں۔ تجویز کردہ اقدامات مندرجہ ذیل تھے۔

1۔ نئے باصلاحیت لوگوں کو اس صنعت کی طرف راغب کرکے ان میں مطلوبہ ہنر پیدا کرنا

2۔ تعمیرات کی ویلیو چین میں وسائل کا انضمام اور شراکت داری پیدا کرنا

3۔ بڑے پیمانے پر جدید ٹیکنالوجی کو اختیار کرنا

4۔ تعمیرات کے ہر مرحلے پر مواد(Data)اور ڈیجیٹل ماڈلز کا وسیع تر استعمال کرنا۔

موجودہ تعمیراتی صنعت کو مستقبل میں مؤثر رہنے کے لیے ٹیکنالوجی کے اس متوقع تغیر کے لیے تیار رہنا ہوگا، بصورتِ دیگر اس صنعت کے اُفق پر نمودار ہونے والی ڈرامائی تبدیلیاں اس صنعت کے مستقبل اور اس سے وابستہ کروڑوں ملازمین اور ورک فورس کے مستقبل کو بے یقینی بنادیں گی۔