کاروبار سیل کرنے سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں،تاجر برادری

November 22, 2020

پشاور (لیڈی رپورٹر)تاجر برادری نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی یا کسی اور وجہ سے کاروبار کو سیل کرنے سے گریز کیا جائے کیونکہ کاروبار کو سیل کرنے سے نہ صرف کاروباری سرگرمیاںمتاثر ہوتی ہیں بلکہ معیشت پر بھی مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں جو ملک کیلئے فائدہ مند نہیں اس حوالےسےحفیظ چیمبر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ٹریدرز الائنس کے صدر غلام بلال جاوید نے کہا کہ کارو باربند کرتا اور بھاری جرمانے عائد کرنا کورونا وائرس کو روکنے کا حل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو کاروبار کی ساکھ اور خیر سگالی قائم کرنے کے لئے برسوں کی محنت کرنا پڑتی ہے لیکن، ضلعی انتظامیہ اور دیگر سرکاری ادارے معمولی خلاف ورزی پر کاروبارکو سیل کر دیتے ہیں جس سے کاروبار کی شہرت پر پانی پھر جاتا ہے اور انھیں زبردست مالی نقصان پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری اداروں کو سیل کرنے کے بجائے سرکاری محکمہ کسی بھی خلاف ورزی پر وارننگ دے اور جائز جرمانہ عائد کرے جس سے کاروباری طبقے کو غیر ضروری نقصانات سے بچایا جاسکتا ہے اور حکومت کیلئے بھی ریونیو بہتر ہوگی۔