تھیلے سیمیا سوسائٹی کی کانفرنس ، شہریوں کے خون کے عطیات

November 23, 2020

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) پاکستان تھیلے سیمیا ویلفیئر سوسائٹی راولپنڈی کے زیراہتمام ہفتہ شان رحمت العالمین کے موقع پر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں تھیلے سیمیا سے متاثرہ بچوں نے بھی شرکت کی اور نعت خوانی میں حصہ لیا۔ معروف نعت خواں، مذہبی اسکالرز، سیاسی، سماجی اور مختلف شعبۂ زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات سمیت حکومتی نمائندگان بھی موجود تھے۔ محفل میلاد کی تقریب کے دوران تھیلے سیمیا سے متاثرہ بچوں کو بلڈ بھی لگایا گیا جبکہ بلڈ ڈونیشن کیمپ میں عاشقان رسولؐ کی بڑی تعداد نے اپنے خون کا عطیہ دیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل صہیب احمد صدر پاکستان تھیلے سیمیا ویلفیئر سوسائٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خدمت خلق عبادت ہے۔ رسول پاکؐ تمام انسانیت کیلئے رحمت اللعالمین ہیں جن کی زندگی سے ہمیں انسانیت سے محبت کرنے کا درس ملتا ہے۔ اس موقع پر محمد اسد بن اعظم نے کہا کہ رسول پاکؐ کی زندگی سے ہمیں انسانیت کی خدمت کا درس ملتا ہے ، تھیلے سیمیا سے متاثرہ بچوں کیلئے خون کا عطیہ دے کر انکی زندگیاں بچانا صدقہ جاریہ ہے۔ قرآن مجید میں اللہ تعالی کا ارشاد ہے کہ ’’جس نے کسی ایک انسان کی جان بچائی گویا اس نے پوری انسانیت کو بچایا‘‘ اس موقع پر لاک ڈائون کے دنوں میں شہر بھر میں خون کی شدید قلت کے باعث تھیلے سیمیا سے متاثرہ بچوں کیلئے بڑی تعداد میں خون کے عطیات دینے والی مختلف سماجی تنظیموں کے نمائندوں میں اعزازی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔