موسم سرما میں خشک جلدکا خیال کیسےرکھاجائے؟

November 23, 2020

موسم سرما کے آتے ہی قدرتی طور پر خشک جلد رکھنے والے افراد کے جِلدی مسائل میں بے حد اضافہ ہو جاتا ہے،خشکی کے سبب جِلد پر خارش سمیت جلد پھٹنے لگتی ہے اور دن بہ دن یہ مسئلہ بڑھتا جاتا ہے۔

طبی و جِلد مہارین امراض کے مطابق موسم سرما میں ہر قسم کی جِلد خصوصی توجہ مانگتی ہے مگر سب سے زیادہ دیکھ بھال کی ضرورت خشک جلد والے افراد کو ہوتی ہے، چکنی جلد موسم سرما میں خشک ہواؤں کے سبب نارمل ہو جاتی ہے جبکہ نارمل اور خشک جلد والوں کے لیے مسائل بڑھ جاتے ہیں جن کا علاج روزانہ کی بنیاد پر اپنی روٹین میں چند تبدیلیاں لا کر اور کچھ ٹوٹکے آزما کر کیا جا سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال ہر موسم میں لازم و ملزوم ہوتا ہے مگر سردیوں میں ایڑیوں، ہونٹوں، جلد کے پھٹنے کی بڑی وجہ پانی کی کمی ہوتی ہے، اس لیے سردیوں میں بھی پانی کا زیادہ استعمال لازمی کرنا چاہیے، پانی کا استعمال اگر پیاس نہ لگنے کے سبب یاد نہ رہے تو گھریلو اوقات اور باہر جاتے وقت ہر بیگ میں ایک عدد پانی کی بوتل ضرور رکھیں۔

موسم سرما کے دوران خشک جلد کے مسائل سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے مندرجہ ذیل مفید ٹوٹکوں کو اپنا کر زندگی آسان بنائی جا سکتی ہے۔

گلیسرین، عرقِ گلاب اور لیموں کا استعمال

گلیسرین، عرقِ گلاب اور لیموں کا رس ہم وزن ملا کر کسی بوتل میں رکھ دیں اور رات کو سونے سے پہلے ہاتھوں، پاؤں اور چہرے کا مساج کریں، یہ ایک بہترین ٹانک ہے۔

بالائی اور شہد

دو چمچ بالائی، ایک چمچ شہداور چار قطرے لیموں کا رس ملا کر پیسٹ بنائیں اور چہرے پر لگا لیں، پندرہ منٹ کے بعد چہرہ دھو لیں، جِلد شرطیہ نرم، ملائم اور چمک اُٹھے گی۔

کیلے کا ماسک

سردیوں میں خشک جلد کے لیے کیلے کا ماسک ایک بہترین علاج ہے، یہ ماسک جلد کو قدرتی نمی فراہم کرتا ہے، کیلے کاماسک چہرے پر لگانے سے پہلے چہرہ اچھی طرح دھو کر خشک کر لیں۔

ماسک بنانے کا طریقہ

ایک پسا ہوا کیلا، خشک دودھ او ر ایک چائے کا چمچ شہد ملا کر پیسٹ تیار کر لیں پھر چہرے اور پوری گردن پر لگائیں، 15 منٹ کے بعد چہرہ اور گردن دھو لیں۔

دہی اور شہد

خشک جلد کے لیے ایک اور بہترین ماسک بنانے کے لیے پھینٹا ہوا دہی اور شہد ملا کر استعمال کیا کریں، دونوں اجزاء کو شامل کر کے کیلے کے ماسک کی طرح ہی چہرے پر لگائیں اور پندرہ سے بیس منٹ بعد نیم گرم پانی سے چہرہ دھو لیں، دہی کا ماسک جلد میں نمی پیدا کرتا ہے ساتھ ہی رنگت بھی نکھارتا ہے۔

چینی کا استعمال

خشک جلد کے لیے چینی ایک بہترین ایکسفولی ایٹر ہے، 3 چمچ چینی میں ایک چمچ شہد اور ایک چمچ دہی ملا لیں اور چہرے پر آہستہ سے اسکرب کی طرح مساج کریں، بعد ازاں ٹھنڈے پانی سے منہ دھو لیں، یہ ایکسفولی ایٹر چہرے کی نمی برقرار رکھے گا۔

ڈیپ موائسچرائزنگ

2چمچ زیتون کا تیل اور ایک چمچ کاسٹر آئل ملا کر نیم گرم کر لیں اور چہرے پر لگائیں، اب ایک کپڑے کو گرم پانی میں بھگو کر چہرے پر رکھ دیں تاکہ تیل جلد کی اندرونی تہہ میں جذب ہو سکے، یہ جلد کو ڈیپ موائسچرائز کرنے کا بہترین طریقہ ہے جو روز رات میں کیا جا سکتا ہے۔

تیل سے مساج

جن افراد کی جلد زیادہ خشک ہو ان کے لیے وٹامن ای آئل کا مساج بہترین ہوتا ہے، وٹامن ای کے کیپسول سے تیل نکال کر چہرے پر رات بھر لگا رہنے دیں اور صبح سادے سے فیس واش سے چہرہ دھو لیں۔

بیسن

خشک جلد والے افراد کو سردیوں کے آتے ہی فیس واش اور صابن کا استعمال چھوڑ دینا چاہیے، بیسن کا استعمال بطور فیس واش نہ صرف جلد کی اندرونی تہہ سے میل صاف کرے گا بلکہ جلد کو خشکی سے بھی بچائے گا۔

ایک چمچ بیسن میں زرا سا دہی یا لیموں ملا کر چہرے پر ملنے سے خشک جلد نرم و ملائم ہو جائے گی۔

شہد ہے بہترین بام

شہد کی مکھی کے چھتے سے حاصل ہونے والا موم ڈبل بوائلر میں ڈال کر پگھلا لیں، اب اس میں دو چمچ شہد اور دو چمچ زیتون کا تیل ڈال کر شیشے کی بوتل میں محفوظ کر لیں، سردی میں خشک جلد اگر پھٹنے لگے تو یہ بام جلد کے خلیوں کی مرمت کرنے کے لیے بہترین ہے۔