دو تین ماہ میں ٹی وی پر واپسی ہوگی، عالمگیر

November 23, 2020


پاکستان میوزک انڈسٹری کے لیجنڈ گلوکار عالمگیر کا گردے کے کامیاب ٹرانسپلانٹ کے بعد کہنا ہے کہ وہ دو سے تین ماہ کے بعد ٹی وی پر نظر آئیں گے اور اُس کے بعد مستقل کام جاری رکھیں گے۔

لیجنڈ گلوکار عالمگیر کا ایک ویڈیو پیغام سامنے آیا ہے جس میں وہ پہلے سے کافی بہتر نظر آرہے ہیں، اپنے ویڈیو پیغام میں عالمگیر نے کہا کہ 13سال ڈائیلیسز کے بعد میرا کڈنی ٹرانسپلانٹ ہوگیا ہے۔

گلوکار عالمگیر نے کہا کہ پانچ سال پہلے ڈاکٹر نے ٹرانسپلانٹ کرنے سے انکار کردیا تھا۔

اُنہوں نے کہا کہ اب ٹرانسپلانٹ کے بعد مجھے ڈاکٹروں نے ایک ماہ مکمل آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں لیجنڈ گلوکار عالمگیر نے کہا کہ میرا مدافعتی نظام بہت کمزور ہوگیا ہے جبکہ ابھی بھی دوائیں کھا رہا ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ میں اب تمام غذا کھا رہا ہوں اور تندرست ہونے کے بعد دو تین ماہ میں ٹی وی پر آپ کے سامنے آؤں گا اور مستقل آتا رہوں گا۔

ویڈیو پیغام کے اختتام میں اُنہوں نے اپنے مداحوں سے دُعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ میری جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کریں۔

خیال رہے کہ عالمگیر نے گزشتہ دنوں اپنے سوشل میڈیا پیغام میں گردے کے ٹرانسپلانٹ کے بعد کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے مختصر پوسٹ میں بتایا کہ ان کے گردے کا ٹرانسپلانٹ کامیابی سے ہوگیا ہے۔