پریانکا اور نک کھانے کی ٹیبل پر کیا بات کرتے ہیں؟

November 23, 2020

بالی ووڈ اور ہالی ووڈ کو بے شمار سپر ہٹ فلمیں دینے والی بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اور اُن کے شوہر امریکی گلوکار نک جونس کھانے کی ٹیبل پر ’بزنس‘ کی باتیں کرتے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ پریانکا چوپڑا نے اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ وہ اور اُن کے شوہر گلوکار نک جونس رات کو جب بھی کھانے کی ٹیبل پر ایک ساتھ بیٹھتے ہیں تو اُن کے پاس بات کرنے کے لیے بس ایک ہی موضوع ہوتا ہے۔

اداکارہ نے بتایا کہ اور وہ ایک موضوع ’بزنس‘ ہے، پریانکا نے کہا کہ نک جونس مجھ سے کھانے کی ٹیبل پر بزنس کے حوالے سے بات کرنے کے لیےہمیشہ بہت پر جوش ہوتے ہیں۔

پریانکا نے بتایا کہ ہم دونوں اپنے کیرئیر کے حوالے سے بہت زیادہ حساس ہیں جبکہ ہمارا سارا فوکس بھی صرف اپنے کیرئیر پر ہی رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دونوں ایک دوسرے کے کام کا احترام کرتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پریانکا چوپڑا اور نک جونس نے حال ہی میں عالمی وباء کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے لیےاور کورونا وائرس کے حوالے سے کیے جانے والے مختلف اقدامات کے لیے فنڈز کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل امریکی گلوکار نک جونس کو ایک امریکی شو میں بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا تھا جہاں انہوں نے پہلی مرتبہ اپنی اور پریانکا چوپڑا کی لو اسٹوری سے متعلق بات کی تھی اور بتایا کہ وہ کیسے پریانکا چوپڑا کے عشق میں مبتلا ہوئے۔

پریانکا چوپڑا اور نک جونس نے سال 2018 میں یکم دسمبر کو شادی کی تھی۔ دونوں سوشل میڈیا پر کافی سرگرم رہتے ہیں اور اکثر اپنی تصویروں کو شیئر کرتےدکھائی دیتے ہیں۔ حال ہی میں پریانکا نے سوشل میڈیا پر اپنے کروا چوتھ کی ایک تصویر پوسٹ کی تھی۔

سوشل میڈیا پر شیئر کردہ تصویر میں پریانکا چوپڑا ٹریڈیشنل دیسی لُک میں نظر آرہی تھیں۔ اُنہوں نے لال رنگ کی ساڑی اور ماتھے پر لال رنگ کا سندور لگایا ہوا تھا جس میں وہ انتہائی خوبصورت لگ رہی تھیں۔

بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا اور امریکی گلوکار نک جونس نے ہندو اور عیسائی مذہب دونوں کے مطابق شادی کی رسمیں ادا کی تھیں۔