بھارتی سنگھ اور شوہر کی منشیات کیس میں ضمانت پر رہائی کا حکم

November 23, 2020

ممبئی کی عدالت نے کامیڈین بھارتی سنگھ اور اُن کے شوہر ہریش لمباچھایا کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر کو 2 دن قبل نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے گھر پر چھاپے کے دوران منشیات برآمدگی پر دوران تفتیش ڈرگ کے استعمال کے اعتراف کے بعد گرفتار کیا تھا۔

عدالت کے روبرو این سی بی نے بتایا کہ بھارتی سنگھ کے گھر اور اُن کے شوہر کے پروڈکشن ہاؤس سے 86 اعشاریہ 5 گرام منشیات برآمد ہوئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اتنی کم مقدار کی منشیات برآمد ہونے کے باوجود این سی اے نے عدالت سے بھارتی سنگھ اور ہریش لمباچھایا کو تفتیش کے لیے حراست میں لینے کی اپیل کی۔


عدالت نے تھوڑی سی مقدار رکھنے یا استعمال کے مقدمے میں این سی بی کی درخواست مسترد کردی اور دونوں کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا اور آج اُن کی ضمانت پر رہائی کے احکامات جاری کردیے۔

بھارتی سنگھ اور اُن کے شوہر کے وکیل ایاز خان کے مطابق آج ہم نے جلد ہی ضمانت پر رہائی کی درخواست دی جبکہ این سی بی کے افسر اور سرکاری وکیل غیر حاضر رہے، جس کے بعد 2 بجے عدالت نے ہماری درخواست منظور کی اور ضمانت پر رہائی کی اجازت دے دی۔

اس سے قبل این سی بی نے الزام لگایا تھا کہ بھارتی سنگھ نے اپنے شوہر کے ذریعے منشیات کی خریداری کا اعتراف کیا تھا۔

این سی بی پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ منشیات فروس کے ذریعے بھارتی سنگھ کا نام سامنے آنے پر اُن کے گھر اور شوہر کے پرڈوکشن ہاؤس پر چھاپہ مارا گیا۔

این سی بی جون میں اداکار سوشانت سنگھ کی مبینہ خود کشی کے بعد سے بالی ووڈ میں منشیات کے استعمال کے معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔