بلوچستان: 27 طلبہ و اساتذہ سمیت کورونا وائرس کے 66 نئے مریضوں کی تشخیص

November 23, 2020

بلوچستان میں 24 گھنٹوں کے دوران27 طالب علموں و اساتذہ سمیت کورونا کے 66 نئے مریض سامنے آگئے۔ صوبے میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 618 ہوگئی۔ 24 مریض اسپتالوں میں داخل ہیں جبکہ 4 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

محکمہ صحت بلوچستان کی جاری رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز سے آج تک صوبے میں 854 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے۔

ان ٹیسٹوں کے نتیجے میں صوبے میں کورونا وائرس کے 66 نئے کیسز سامنے آگئے۔ جس کے بعد صوبے میں ابتک کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 16 ہزار 810 ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران کورونا میں مبتلا 41 مریضوں کے صحت یاب ہونے کے بعد صوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 16 ہزار 031 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا کے باعث انتقال کر جانے والوں کی تعداد 161ہے۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق صوبے کے تعلیمی اداروں میں مزید 27 طالب علموں اور اساتذہ کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد صوبے میں کورونا میں مبتلا طالب علموں و اساتذہ کی تعداد 972 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق کوئٹہ میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 663 ٹیسٹ کئے گئے۔ اس دوران کورونا کے 38 مریض سامنے آئے، کوئٹہ میں آج کورونا پازیٹو آنے کی شر ح 5.7 فیصد رہی۔