تھر پارکر: میں 22 سالہ گیتا کا مبینہ قتل، والد کا بیان سامنے آگیا

November 23, 2020

تھرپارکر میں 22 سالہ گیتا کے مبینہ قتل پر اس کے والد نے اپنا موقف پیش کردیا ہے۔

گیتا سوٹھر کے والد بھورو سوٹھر نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوٹھر برادری کے لوگوں کا جرگہ ہوا تھا، بیٹی کے سسرال والوں نے پنچایت کے سامنے معافی مانگی، پنچایت کے کہنے پر بیٹی کے سسرال والوں کو معاف کیا۔

والد نے کہا کہ معاملے سے اس لئے ہاتھ اٹھایا کہ مجھےاس سماج میں رہنا ہے، بیٹی کے سسرال والوں نے حلفیہ بیان دیا کہ گیتا کو انہوں نے قتل نہیں کیا، بیٹی کے سسرالیوں نے اعتراف کیا کہ وہ گیتا پر تشدد کرتے تھے، تشدد سے تنگ آکر گیتا نے خودکشی کی۔

انہوںنے کہا کہ سسرال والوں نے جرمانہ دینے کا کہا تھا، لیکن میں نے انکار کردیا، پولیس کو بیان دیدیا کہ بیٹی نے خودکشی کی ہے۔

والد کا کہنا ہے کہ پولیس کو بتادیا غلط فہمی میں مقدمہ درج کرایا، کیس سے دستبردار ہوتے ہیں۔

اس سے پہلے گیتا سوٹھر کے سسر اور دیور نے جرگہ میں مبینہ قتل کا اعتراف کیا تھا، جبکہ تصفیہ کے لئے جرگہ کی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی۔

جرگے نے فیصلے میں کہا تھا کہ مقتولہ کے سسر اور دیور کو ایک ماہ میں 15لاکھ روپےادا کرنا ہوں گے۔

فیصلے میں مزید کہنا تھا کہ رقم کی ادائیگی کے بعد گیتا کے گھر والے مقدمات سے دستبردار ہوں گے۔

واضح رہے کہ 6 نومبر کو گیتا سوٹھر کی پھندا لگی لاش ملی تھی۔