فرانس میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 21 لاکھ 40 ہزار سے زائد ہوگئی

November 24, 2020

پیرس(اے پی پی)فرانس میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 21لاکھ40 ہزار سے زائد ہوگئی، ملک میں اب تک مہلک وائرس سے48 ہزارافراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ پیر کو فرانسیسی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے اب تک 2140208 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق فرانس کے مختلف ہسپتالوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ مزید214 افراد دم توڑ گئے۔ فرانس میں اس وقت کورونا وائرس کے فعال مریضوں کی تعداد 1941955ہے۔ حکام کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے کیسوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔گزشتہ روز ملک کے مختلف علاقوں میں کورونا وائرس کے13157 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ فرانس میں کورونا وائرس سے اب تک مجموعی طور پر 48732 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ فرانس میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے بعد پیرس سمیت بیشتر شہروں میں رات کا کرفیو نافذ ہے۔ فرانس کی حکومت نے ملک میں صحت کی ہنگامی صورتحال کا بھی اعلان کیا ہے۔ ادھر یورپ کے کئی دیگر ممالک نے کورونا وائرس کی دوسری لہر سے نمٹنے کے لیے سخت اقدامات کئے ہیں۔ فرانس میں کورونا وائرس کی وبا سے متاثرہ 149521افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔